QR CodeQR Code

سی پیک منصوبے میں بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کو اہمیت دینا ہوگا، سینیٹر سراج الحق

9 Aug 2018 10:10

کوئٹہ میں پارٹی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وفاق کو بلوچستان کی ترقی وخوشحالی، امن و روزگار کے حوالے سے ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ صوبے میں حکومتوں کی تبدیلی کیساتھ عوام کی حالت ومعاشی صورتحال نہیں بدلتی، جوکہ باعث تشویش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ بلوچستان کو آئنی معاشی حقوق دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صوبے میں تعلیم وصحت اور روزگار کے مسائل کی وجہ سے عوام بالخصوص نوجوان پریشان ہیں۔ پینے کا صاف پانی نہ صرف کوئٹہ بلکہ صوبہ بھر کا بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ روزگار کو فروخت کرنے کی وجہ سے اہل و پڑھے لکھے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں۔ منتخب نمائندے اور حکومت اپنے منشور پر عمل کریں۔ سی پیک منصوبے میں بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کو اہمیت دینا ہوگا۔ سانحہ 8 اگست کو دو سال مکمل ہوئے، مگر ذمہ داروں کا تعین نہیں ہوسکا اور نہ ہی انصاف فراہم کیا گیا۔ انتخابی دھاندلی کی وجہ سے عوام کی امیدوں وخواہشات پر پانی پھیر دیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں گذشتہ انتخابات کی رپورٹ، دھاندلی، ایم ایم اے کے جماعتوں وایک دوسرے سے تعاون، جماعتی تنظیمی رپورٹ، انتخابات میں کوتاہی، تنظیمی خلاف ورزی وسرزنش، آئندہ لائحہ عمل، بلوچستان میں نوجوانوں کے مسائل، آئندہ لائحہ عمل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ومشاورت کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وفاق کو بلوچستان کی ترقی وخوشحالی، امن و روزگار کے حوالے سے ذمہ داری ادا کرنی ہوگی۔ صوبے میں حکومتوں کی تبدیلی کیساتھ عوام کی حالت ومعاشی صورتحال نہیں بدلتی۔ حکومتی غفلت وکوتاہی کی وجہ سے عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت نے اگر عوام مسائل حل کرنے پر توجہ نہ دی، مدینہ جیسی ریاست کے قیام، قرضوں سے قوم کو نجات دلانے، عدل وانصاف کی فراہمی کی جانب پیشرفت کی تو ہم حکومت کا ساتھ دیں گے۔ الیکشن کے بعد وہی فرسودہ اور گلا سڑا نظام ان کے گلے میں ڈالنے کی سازش ہورہی ہے۔ ہم نظام کی اصلاح، مسائل کا حل اور کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں، تاکہ عام آدمی کو آسانی وسہولتیں مل سکے۔ جمہوری نظام میں ایک مضبوط اپوزیشن ایک آئینے کا کردار ادا کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 743428

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/743428/سی-پیک-منصوبے-میں-بلوچستان-کی-ترقی-وخوشحالی-کو-اہمیت-دینا-ہوگا-سینیٹر-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org