0
Thursday 9 Aug 2018 11:38
پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے

امریکا سے سفارتی تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں، عمران خان

امریکا سے سفارتی تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے امریکی سفیر سے ملاقات میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت امریکا سے تعلقات بہتر بنانا چاہتی ہے۔ بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ پر قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور سے ملاقات میں پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں اعتماد کی کمی کے باعث کئی اتار چڑھاؤ آ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت امریکا کے ساتھ تعلقات مزید متوازن اور قابِل بھروسہ بنائے گی، اور ہم امریکا سے تجارتی اور معاشی تعلقات کے فروغ کو زیادہ اہمیت دیں گے۔ عمران خان نے اپنی گفتگو میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے نئے اور کے آغاز اور اس میں دونوں کے مفادات مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تحریک انصاف کے میڈیا سیل کے مطابق امریکی وفد اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی مفادات، دو طرفہ تجارت، اور افغانستان میں استحکام کے معاملات پر گفتگو ہوئی۔ جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ امریکی عوام تنازعات کے حل کے لئے سیاسی حل تلاش کرنے کی اہمیت سے واقف ہے کیوںکہ طاقت کے استعمال سے مسائل کے دیرپا حل کی بجائے مزید نقصان ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور امریکا کے بہترین مفاد میں ہے اور اس کے حصول کے لئے سیاسی سطح پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے عمران خان کو 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات جیتنے پر مبارکباد بھی دی۔ دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے متوقع وزیراعظم عمران خان کو فون کر کے ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے بخوشی قبول کرلیا۔ انتقالِ اقتدار کا عمل مکمل ہوتے ہی دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ دورے کو حتمی شکل دے گی، اس کے ساتھ ایرانی صدر نے بھی تحریک انصاف کے سربراہ کو انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد دی۔ اس دوران دونوں شخصیات میں باہمی دلچسپی کے امور، ایران پاکستان تعلقات اور دو طرفہ تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران نہ صرف قریبی پڑوسی ممالک ہیں بلکہ دونوں ممالک مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار کے بندھن سے بھی بندھے ہوئے ہیں۔ گفتگو میں ایرانی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران پاکستان سے تجارتی اور سفارت تعلقات بہتر بنانا چاہتا ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے، اور ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید تحریک کا بھی خواہش مند ہے۔
خبر کا کوڈ : 743463
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش