روس انسانی حقوق میں بہتری اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے، الیگزے یوریوِچ دیدوو
10 Aug 2018 01:13
بنی گالا میں چیئرمین تحریک انصاف نے مبارکباد پر روسی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میری حکومت روس کے ساتھ تعاون میں بہتری لانا چاہتے ہیں، جبکہ اقتدار سنبھالنے کے بعد روسی ڈرلنگ کمپنیوں کو پاکستان آمد کی دعوت دینا چاہیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیگزے یوریوِچ دیدوو کا کہنا ہے کہ ان کا ملک انسانی حقوق میں بہتری اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی سفیر نے بنی گالا میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ ملاقات کے دوران الیگزے یوریوِچ دیدوو نے کہا کہ ماسکو، پاکستان کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا خواہاں ہے اور روس معاشی تعاون، انسانی حقوق میں بہتری اور کیمیائی ہتھیاروں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے انسداد اور افغانستان میں قیام امن کے لیے بھی پاکستان کے ساتھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون کی راہ میں حائل مسائل کے فوری حل کی تدبیر کرنا ہوگی، جبکہ پاکستانی اور روسی بینکوں کے درمیان براہ راست روابط کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ الیگزے یوریوِچ دیدوو نے روسی کوہ پیما کی جان بچانے پر پاکستانی پائلٹس کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے مبارکباد پر روسی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میری حکومت روس کے ساتھ تعاون میں بہتری لانا چاہتے ہیں، جبکہ اقتدار سنبھالنے کے بعد روسی ڈرلنگ کمپنیوں کو پاکستان آمد کی دعوت دینا چاہیں گے۔ افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ سمجھ چکی ہے کہ افغانستان کے مسائل کا کوئی فوجی حل نہیں۔
خبر کا کوڈ: 743646