0
Friday 10 Aug 2018 16:01

نوشہرہ، مدرسہ جانیوالے 5 سالہ بچے کیساتھ جنسی زیادتی

نوشہرہ، مدرسہ جانیوالے 5 سالہ بچے کیساتھ جنسی زیادتی
اسلام ٹائمز۔ نوشہرہ کے علاقے مغلکی میں مدرسہ جانے والے 5 سالہ معصوم بچے کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نوشہرہ کے علاقے مغلکی میں ملزم شاہد علی ولد صابر علی دینی مدرسہ جانے والے 5 سالہ یحیٰی ولد تلاوت شاہ کو زبردستی روک کر ویران مکان میں لے گیا اور معصوم بچے سے زبردستی جنسی درندگی کرتا رہا، بچے کی حالت غیر ہوگئی تو سفاک ملزم فرار ہوگیا۔ بچہ نیم بے ہوشی میں روتا ہوا گھر پہنچا تو گھر اور گاوں میں کہرام مچ گیا۔ مساجد میں اعلانات کروائے گئے، مشتعل مظاہرین نے ملزم کے گھر کا محاصرہ کر لیا، جبکہ اسی اثناء میں پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو یقین دلایا کہ بچے کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی اور ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

پولیس نے ملزم کی گرفتاری کیلئے اس کے گھر کی تلاشی لی لیکن ملزم ہاتھ نہ آنے پر اس کے والد اور بھائی کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ بچے یحیٰی کو میڈیکل کروانے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پر ڈاکٹرز نے 5 سالہ یحیٰی سے بدفعلی کی تصدیق کرلی۔ بچے کا میڈیکل معائنہ کروانے کے بعد متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں ملزم شاھد ولد صابر علی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں پشاور اور مردان میں بھی بچوں کیساتھ جنسی زیادتی کے واقعات رونما ہوئے ہیں اور ملک بھر میں اسی طرح کے واقعات بڑھ گئے ہیں، ان جیسی واقعات کے خلاف عوامی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 743730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش