0
Friday 10 Aug 2018 20:40
انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کیخلاف احتجاج کرینگے

ڈی آئی خان، ٹارگٹ کلنگ کے سہولتکاروں کو بےنقاب کیا جائے، مرکزی صدر آئی ایس او

کالعدم جماعتوں کو قومی دھارے میں لانے والے قومی مجرم ہیں
ڈی آئی خان، ٹارگٹ کلنگ کے سہولتکاروں کو بےنقاب کیا جائے، مرکزی صدر آئی ایس او
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر انصر مہدی نے ڈی آئی خان میں ٹارگٹ کلنگ کے پے در پے سانحات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ڈیرہ اسماعیل خان میں محب وطن شہریوں کو نفرت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈی آئی خان کے حالات پولیس انتظامیہ کے کنٹرول سے باہر ہو چکے ہیں، دہشت گرد شہر میں لوگوں کو آزادانہ قتل کرتے پھر رہے ہیں۔ گذشتہ چند دنوں میں پولیس اور انتظامیہ سمیت کئی شہری ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں حکومتی رٹ کہیں دکھائی نہیں دیتی۔ دہشت گردی کے یہ واقعات کوئی نئے نہیں ہیں، اگر گذشتہ واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو ثبوت بناتے ہوئے کارروائی کی جاتی تو دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو بےنقاب کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن کے باوجود ہر دوسرے دن ٹارگٹ کلنگ کے واقعات سوالیہ نشان ہیں، حالیہ الیکشن میں کالعدم جماعتوں کے افراد کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی گئی اور ڈی آئی خان میں سمیت ملک کے دیگر مقامات پر دہشت گردی کے ہولناک واقعات ہوئے ہم یہ سمجھتے ہیں، کالعدم جماعتوں کو قومی دھارے میں لانے والے مجرم ہیں۔

مرکزی صدر آئی ایس او انصر مہدی نے کہا کہ ڈی آئی خان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن پر آئی جی خیبر پختونخوا کی پیش کردہ رپورٹ سے واضع ہو چکا ہے کہ ڈی آئی خان میں ہونے والی دہشت گردی میں خود پولیس اور انتظامیہ کی کالی بھیڑیں بھی سہولتکار ہیں، ایسی صورتحال میں امن کیسے قائم ہو سکتا ہے، جب امن قائم کرنے کے ذمہ دار ادارے پر سوالیہ نشان لگ چکے ہیں، کچھ لوگ اب بھی دہشت گردوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے لابنگ اور پلان جاری کر رہے ہیں، ان کی یہ کوششیں اسی ہزار پاکستانی شہدا کے لہو سے غداری کے مترادف ہے۔ انصر مہدی نے کہا کہ ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ کلنگ کے باعث بیسیوں افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

آئی ایس او کے مرکزی صدر نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور پولیس ہر ٹارگٹ کلنگ پر دلاسے تسلیاں دیتے ہیں مگر دوسرے روز ہی پھر ٹارگٹ کلنگ کی واردات ہو جاتی ہے، ابھی تک کوئی ایک قاتل دہشتگرد پکڑا نہیں جا سکا ہے۔ پولیس انتظامیہ دہشگردوں کے سامنے بے بس اور تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک بھر میں ان پر ہونے والے ظلم اور انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف احتجاج کریں گے۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں دہشتگردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈی آئی خان میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ واقعات میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے تاکہ شہدا کے ورثاء کی داد رسی کی جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 743762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش