QR CodeQR Code

امریکی پابندیاں معاشی جنگ کے مترادف ہونگی، روس کا انتباہ

11 Aug 2018 07:13

امریکا کی جانب سے روس پر عائد کردہ نئی پابندیوں کا دوسرا مرحلہ 90 روز بعد نافذ العمل ہو گا جس میں تمام روسی اداروں کے امریکی بینکوں سے قرضوں کے حصول پر پابندی ہو گی۔


اسلام ٹائمز۔ روس نے جمعے کے روز امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے مزید سخت معاشی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیاں دیں تو اسے معاشی جنگ سمجھا جائے گا۔ روسی وزیراعظم دمتری میدودوف کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب واشنگٹن نے برطانوی ڈبل ایجنٹ پر زہریلی گیس کے مبینہ حملے کے الزام میں ماسکو پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، برطانیہ اس حملے کا مورد الزام ماسکو کو ٹہراتا ہے۔ امریکا کی جانب سے پابندیوں کے اعلان کے بعد جمعرات کو روسی اسٹاکس مارکیٹوں میں مندی کا رحجان رہا جبکہ روسی کرنسی کی قدر گر گئی اور روبیل گزشتہ دو سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق میدودوف کا کہنا تھا کہ اگرچہ میں مزید پابندیوں کے حوالے سے بات نہیں کرنا چاہتا لیکن میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اگر ہماری بینک سرگرمیوں یا مخصوص کرنسیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تو ہم اسے واضح طور پر معاشی جنگ کا اعلان سمجھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس جنگ کا جواب لازمی طور پر دینا ہو گا، اس کا جواب معاشی طور پر، سیاسی طور پر یا ضرورت پڑنے پر دیگر صورتوں میں بھی دیا جا سکتا ہے۔

امریکا نے بدھ کو رات گئے روس پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا، پابندیوں کے پہلے مرحلے کا آغاز دو ہفتوں کے اندر اندر ہو گا جس کے تحت روس کے لئے امریکا کی قومی سلامتی سے متعلق حساس ٹیکنالوجیز کی روس درآمد پر پابندی ہو گی۔ تاحال امریکا سے روس کیلئے اس طرح کی برآمدات کی اجازت کیس ٹو کیس کی بنیادوں پر ہوا کرتی تھیں تاہم امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے حالیہ اقدام سے روس کو کروڑوں ڈالر کی برآمدات متاثر ہوں گی۔

امریکا کی جانب سے روس پر عائد کردہ نئی پابندیوں کا دوسرا مرحلہ 90 روز بعد نافذ العمل ہو گا جس میں تمام روسی اداروں کے امریکی بینکوں سے قرضوں کے حصول پر پابندی ہو گی، امریکا کی روس کے لئے تمام برآمدات پر پابندی ہو گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات معطل ہو جائیں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے ان نئی پابندیوں کا مقصد ماسکو کو عالمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر سزا دینا ہے۔ تاہم ان پابندیوں کے اعلان سے ٹرمپ انتظامیہ کا یہ دعویٰ بھی ثابت کرنا ہے کہ واشنگٹن ماسکو کیخلاف بھرپور کارروائی کر رہا ہے حالاں کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخابی مہم کے دوران روسی مداخلت کی آزادانہ تحقیقات کی مذمت کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 743786

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/743786/امریکی-پابندیاں-معاشی-جنگ-کے-مترادف-ہونگی-روس-کا-انتباہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org