0
Saturday 11 Aug 2018 21:57

ایک جرنیل جتنا اس ملک سے وفادار ہے میں خود کو اس سے بڑھ کر پاکستان کا وفادار کہتا ہوں، مولانا فضل الرحمٰن

ایک جرنیل جتنا اس ملک سے وفادار ہے میں خود کو اس سے بڑھ کر پاکستان کا وفادار کہتا ہوں، مولانا فضل الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنے والے، جیلیں میرے سیاسی سفر کے آغاز کا حصہ رہی ہیں۔ 14 اگست کو یوم جدوجہد آزادی منائیں گے ہمیں کسی سے پاکستان سے وفاداری کی سند لینے کی ضرورت نہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمیعت علماء اسلام (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایک جرنیل جتنا اس ملک سے وفادار ہے میں خود کو اس سے بڑھ کر پاکستان کا وفادار کہتا ہوں، قوم کے حق رائے دہی پر ڈاکہ مارا جائے اور سائلنسر نکال کر آزادی کے دن ریلیاں نکالی جائیں کیا آزاد قوموں کی یہی نشانیاں ہم اقوام عالم کو دکھائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ میں جو باتیں یہاں کر رہا ہوں عدلیہ کے سامنے بھی وہی موقف ہوگا، جھوٹے پروپیگنڈے اور مقدمات سے ڈرانے والے ہمیں آزمائیں نہیں، مدِمقابل میرا آزمایا ہوا ہے ہم نتائج سے بے نیاز ہو کر میدان میں اُترے ہیں۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تو تیر آزما ہم جگر آزمائیں، ہمیں جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی ردعمل اتنا سخت آئے گا۔ جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ 25 جولائی ملک کی تاریخ میں ایک سانحہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، جب جعلی اکثریت کو ملک پر مسلط کیا گیا، جعلی وزیراعظم ملک پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ عدلیہ کے نمائندوں کو یرغمال بنا کر مرضی کے نتائج لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ظلم کے خلاف تمام اپوزیشن متحد ہے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی، وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب متحدہ اپوزیشن لڑیگی اور ہم باہمی مشاورت سے مستقبل کی حکمت عملی طے کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 743984
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش