QR CodeQR Code

امریکی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے، ایردوان

12 Aug 2018 09:17

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کرنے پر امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا اپنے یک طرفہ اور غیر مہذب رجحانات کو ترک نہیں کرتا تو ترکی اپنے لیے نئے دوستوں اور اتحادیوں کو دیکھے گا۔


اسلام ٹائمز۔ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ وہ امریکی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے۔ ہفتے کے دن اونیے شہر میں ایک عوامی خطاب سے انہوں نے کہا کہ امریکا اور ترکی کے تعلقات خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یوں ترکی نئے اتحادیوں کی تلاش شروع کر سکتا ہے۔ ترکی میں قید امریکی پادری اور دیگر سفارتی معاملات پر ان دونوں ممالک میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ ایردوان نے کہا کہ امریکا کو شرم آنا چاہیے کہ وہ ایک پادری کی خاطر نیٹو اتحادی ملک سے تعلقات خراب کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کرنے پر امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا اپنے یک طرفہ اور غیر مہذب رجحانات کو ترک نہیں کرتا تو ترکی اپنے لیے نئے دوستوں اور اتحادیوں کو دیکھے گا۔

صدر ایردوان نے امریکا سے اپنی رنجش کے بارے میں مزید کہا کہ وہ (امریکا) شام میں کرد فورسز کو مسلح کر رہا ہے اور مذہبی مبلغ فتح اللہ گولن کو حوالے کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے امریکی پادری اینڈریو برنسن کے معاملے پر کشیدگی کو ہوا دی جا رہی ہے۔ لیرا کی قدر میں کمی پر ترکی کے صدر ایردوان نے کہا کہ یہ کمی اس مہم کا حصہ ہے جس کی قیادت غیر ملکی طاقتیں کر رہی ہیں۔

ترکی نے متنبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کے خلاف قدم اٹھائے گا۔ ترکی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے امریکا کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس قسم کی پابندیاں اور دباؤ کے نتیجے میں اتحادیوں کے ساتھ تعلقات کو نقصان ہو گا۔ امریکا اور ترکی کے درمیان حالیہ دنوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ ترکی میں گرفتار امریکی پادری پر ترکی میں دہشت گردی کے مقدمے کا سامنا ہے جبکہ ترک حکام امریکا میں جلا وطن ترک رہنما فتح اللہ گولن کو سنہ 2016ء کی بغاوت کو منظم کرنے کا الزام عائد کرتے ہیں۔

اس سے پہلے ہفتے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کی اسٹیل اور ایلومینیم پر محصول دگنا کر دیا جس کے باعث ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک ٹوئٹ میں امریکی صدر نے کہا لیرا ہمارے مضبوط ڈالر کے مقابلے میں کمزور تھا اور یہ کہ اس وقت امریکا کے ترکی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں ہیں۔ امریکا اور ترکی نیٹو کے ممبران ہیں اور دونوں میں کئی ایشوز پر اختلافات ہیں۔ داعش کے خلاف جنگ، انقرہ روس سے میزائل ڈیفنس سسٹم خریدنا چاہتا ہے اور سنہ 2016ء میں ناکام بغاوت میں ملوث افراد کو کیسے سزائیں دی جائیں۔ حال ہی میں صدر ٹرمپ نے ترکی کے دو اعلیٰ حکام پر پابندیاں عائد کی تھیں۔ یہ پابندیاں دونوں ممالک کے درمیان امریکی پادری کی ترکی میں گرفتاری ہے جس پر جاسوسی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 744030

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/744030/امریکی-دھمکیوں-میں-نہیں-ا-ئیں-گے-ایردوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org