0
Sunday 12 Aug 2018 16:01

پاکستان تحریک انصاف نے ایاز صادق کو دھاندلی کی تحقیقات کی یقین دہانی کرا دی

پاکستان تحریک انصاف نے ایاز صادق کو دھاندلی کی تحقیقات کی یقین دہانی کرا دی
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی اور وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے اسپیکر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ تحریک انصاف کے وفد میں نامزد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک، مرکزی ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری اور شفقت محمود شامل تھے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس سمیت نئے اسپیکر کے انتخاب سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن کے الیکشن سے متعلق تحفظات دور کریں گے ،آج شام کو خورشید شاہ سے بھی ملیں گے، اپوزیشن کی تعداد بہت بڑی ہے، ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ملکر چلنے کی ضرورت ہے، احتساب ملک کے لئے ضروری ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف (ن) لیگ سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کے قیام کو اہم سمجھتی ہے، تحریک انصاف کی جانب سے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں تمام جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا، ایاز صادق سے ملاقات کا مقصد بھی (ن) لیگ کے پارلیمانی رہنما کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت دینا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی ایوان کے معاملات مشاورت سے چلانا چاہتی ہے اور قومی اسمبلی میں انتخابات کے معاملات پر بات چیت کے لیے بھی تیار ہے، بطور اسپیکر  پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا، پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پارلیمنٹ لاجز میں نئی الاٹمنٹس پر تحفظات کا اظہار بھی کیا ہے جبکہ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کے لئے مقابلے کی صورت میں سیکرٹ بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ پر بھی اعتراض کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 744172
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش