QR CodeQR Code

ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف سرائیکی رہنمائوں کا احتجاجی مظاہرہ

12 Aug 2018 20:01

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ تین ڈویژنوں کے لولہے لنگڑے بے شناخت صوبے کو قبول کرنے کا مقصد یہ ہوگا کہ وسیب کے لوگوں نے اپنے دوسرے علاقوں کو دہشت گردوں اور توسیع پسندوں کے حوالے کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سرائیکستان قومی کونسل دھریجہ نگر کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ڈی آئی خان کی تحصیل پروآہ میں ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے مارے جانیوالے تین سرائیکیوں کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے سے ظہور دھریجہ، نور تھہیم ایڈووکیٹ، رفیع دھریجہ، مقصود دھریجہ، وسیم دھریجہ اور آصف دھریجہ نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھا تھا جس پر ڈیرہ اسماعیل خان میں سرائیکیوں کی نسل کشی بند کرو کا نعرہ درج تھا۔ مظاہرین میں خالد منیر، طاہر دھریجہ، جام عبدالحمید لاڑ، نثار عباسی، ناصر دھریجہ، عثمان خورشید، صفدر حسین، جام عبدالرشید، اے ڈی خان بلوچ، صابر ملک، عاصم دھریجہ ودیگر نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ملک افغانستان سے مہاجرین کے روپ میں آنے والے بھارتی خفیہ ایجنسیز کے تربیت یافتہ دہشتگردوں کو واپس بھیجا جائے۔ سرائیکی رہنماؤں نے اس موقع پر نعرے بھی لگوائے، بند کرو بند کرو دہشتگردی بند کرو، ڈی آئی خان میں سرائیکیوں کی نسل کشی بند کرو، تخت لہور، تخت پشور ڈوہیں چور ڈوہیں چور، کے نعرے بھی لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نے کہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بعد ان لوگوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، جو جنوبی پنجاب صوبے کی بات کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین ڈویژنوں کے لولہے لنگڑے بے شناخت صوبے کو قبول کرنے کا مقصد یہ ہوگا کہ وسیب کے لوگوں نے اپنے دوسرے علاقوں کو دہشت گردوں اور توسیع پسندوں کے حوالے کر دیا ہے۔ سرائیکی رہنماؤں نے کہا کہ وسیب کے لوگ لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے، ظلم بند ہونا چاہئے، انہوں نے چیف جسٹس آف سپریم کورٹ اور چیف آف آرمی سٹاف سے نوٹس لینے اور سرائیکی وسیب کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 744212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/744212/ملتان-ڈیرہ-اسماعیل-خان-میں-ٹارگٹ-کلنگ-کیخلاف-سرائیکی-رہنمائوں-کا-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org