0
Sunday 12 Aug 2018 23:24

25 جولائی کو ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کرکے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، مولانا فضل الرحمن

25 جولائی کو ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کرکے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، مولانا فضل الرحمن
اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی کے سربراہ اور متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی کرکے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، ایک پارٹی کو جعلی مینڈیٹ دیکر عوام کے اعتماد کو مجروح کیا گیا ہے، جسے کسی قیمت پر قبول نہیں کرینگے، عید کے بعد دھاندلیوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے۔ سکھر میں جے یو آئی کے ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری مولانا عبدالحق مہر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے علامہ راشد محمود سومرو، مفتی سعود افضل ہالیجوی، مولانا عبیداللہ بھٹو سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، جمہوریت دشمنوں کا تعاقب کریں گے اور پوری دنیا کے سامنے ان کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کا سیاہ باب ہے کہ ایک جعلی لیڈر کو جعلی مینڈیٹ کے ذریعے وزیر اعظم بنایا جا رہا ہے، مگر قوم ان کو قبول نہیں کریگی۔ مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ 14 اگست تحریک آزادی کے نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنے لالہ اللہ کا نظام نافذ کرنے کے عہد کا دن ہے، آج استعماری قوتوں نے ملک کا اسلامی تشخص ختم کرنے کے لئے یلغار کردی ہے، ہم ان کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ازسر نو جنگ اور جدوجہد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہیں،۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نام نہاد تبدیلی اور مغربی تہذیب و ایجنڈے کی تسلط کی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے، عمران خان کی تبدیلی کا بھانڈا بیچ چوراہے پر پھٹ چکا ہے، انہوں نے جن پر کرپشن اور دہشتگردی کے الزامات لگائے آج اقتدار کے لئے ان سے اتحاد اور مفاہمت کرچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ حکمراں طاقتوں کی ناکامی کا اعتراف ہے کہ ہم پر کرپشن کے بجائے بغاوت کے مقدمے بنانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، مگر ہم اس سے ڈرنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں میں جرات ہے تو وہ انتقامی کارروائیوں اور میڈیا کے ذریعے منفی پروپیگنڈا کرنے کے بجائے سیاسی میدان میں اور دلائل کے سے ان کا مقابلہ کریں۔
خبر کا کوڈ : 744236
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش