0
Monday 13 Aug 2018 00:56

بھٹو خاندان کی تیسری نسل کا پارلیمنٹ میں آنا تاریخی اہمیت کا حامل ہے، خورشید شاہ

بھٹو خاندان کی تیسری نسل کا پارلیمنٹ میں آنا تاریخی اہمیت کا حامل ہے، خورشید شاہ
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی زیر صدارت ہوا جس میں 13 اگست کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی پی پی رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 13 اگست کو بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں پہلی بار شرکت ہوگی اور بھٹو خاندان کی تیسری نسل کا پارلیمنٹ میں آنا تاریخی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ میں ہم بھرپور کردار ادا کریں گے، پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کے اندر مسائل کے حل پر سیاست کرے گی اور انتخابات پر تحفظات کے باوجود پارلیمنٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیگر اپوزیشن کی پارٹیوں کوپارلیمنٹ لے کر جا رہے ہیں اور تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ، بہت سی نئی چیزیں ابھی بھی سامنے آرہی ہیں، پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کرائیں گے۔ پی پی رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مثبت سیاست کی بات کی گئی، پاکستان کی نوجوان قیادت حلف اٹھائے گی اور پارٹی کی قیادت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نئے جذبے کیساتھ پارلیمنٹ میں جائیں گے، اجلاس میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے نو منتخب اراکین کو ہدایات جاری کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشور کے مطابق وعدوں کومکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ یاد رہے کہ پیپلزپارٹی نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی میں مجموعی طور پر 43 نشستیں حاصل کی ہیں اور مخصوص نشستیں ملاکر اس کے ارکان کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔

بلاول بھٹو نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے خطاب کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانا ہے، پاکستان بچانا ہے، یہ صرف انتخابی نعرہ نہیں تھا ایک وعدہ تھا جس پر ہم قائم ہیں،عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے کام کریں گے، پیپلز پارٹی ایوان میں بیٹھ کر ایشوز پر بات کرے گی، ہماری جدوجہد ایک دن کی نہیں ہے، ہماری جدوجہد سے ملک کا اور پارٹی کا نام روشن ہوگا، یہ مشکل راستہ ہے مگر ہم اس راستے پر چلیں گے۔ آصف زرداری نے بھی اراکین سے خطاب کیا اور کہا کہ جمہوریت کے دائرے میں رہنا ہے اور حالات کا مقابلہ کرنا ہے، جمہوریت کا نقصان ملک کا اور ہمارا نقصان ہوگا۔ سابق صدر نے کہا کہ اب پنجاب، کے پی اور بلوچستان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے، ہم چاہتے ہیں جنوبی پنجاب ترقی کرے اور عوام کو مشکلات سے نجات ملے، اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ کر اپنی پارٹی کے منشور پر عمل کریں گے، ہم آگے بڑھیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ہم پارلیمنٹ جائیں گے اور پی ٹی آئی نے عوام سے جو وعدے کیے ہیں وہ پورے کرائیں گے۔


 
خبر کا کوڈ : 744257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش