0
Monday 13 Aug 2018 18:32

نواز شریف کیساتھ بدسلوکی ناقابل برداشت ہے، حکومت بہوش کے ناخن لے، شہباز شریف

نواز شریف کیساتھ بدسلوکی ناقابل برداشت ہے، حکومت بہوش کے ناخن لے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ 25 جولائی کو ہونے والے تاریخ کے متنازع ترین انتخابات کے خلاف ایوان کے اندر اور باہر بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے نومنتخب اراکین اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں 2018ء کی دھاندلی کو تحفظ دینے نہیں بلکہ جمہوریت کے تحفظ کے لیے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کا سب سے متنازع الیکشن ہوا، 25 جولائی کی رات اسے مسترد کر دیا تھا، متنازع الیکشن کے خلاف ایوان میں اور باہر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کردار ادا کریں گے جس کے لیے عوام نے منتخب کیا۔ صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ آج اور کل اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات جمع کرائے جائیں گے، اسپیکر کے بعد وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ان مراحل کے بعد بھرپور قوت کےساتھ اپنا کردار ادا کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھاندلی کا کھوج لگانے اور پارلیمانی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کریں گے، فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کریں گے۔

انہوں نے اجلاس میں بتایا کہ وزیراعظم کا انتخاب ڈویژن سے ہو گا جب کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہو گا، تمام اراکین سے دست بستہ اپیل ہے کہ جس کو پارٹی کہے اس کو ووٹ دیں، آپ سے لیڈر شپ اور عوام کو یہی توقع ہے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہنا تھا کہ آزاد لوگوں کو بھی منائیں کہ ہمارے لوگوں کو ووٹ دیں۔ صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ وفاؤں کا صلہ آپ لوگوں نے دینا ہے اور وقت پر پہنچنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان سب کے قابو نہیں آؤں گا اور آپ کا ساتھ دوں گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جس طرح نوازشریف کو بکتر بند گاڑی میں لایا گیا لاکھوں لوگ سکتے میں ہیں، کیا نواز شریف کی خدمات کا یہی صلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا ملک سے اندھیروں کو ختم کرنے والا نواز شریف اس سلوک کا حقدار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیشہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا، نواز شریف کے ساتھ ایسا نہ کریں کیونکہ وقت بدلتے دیر نہیں لگتی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف کی خدمات کو مدنظر رکھا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، اگر سیکیورٹی کا مسئلہ ہے تو اس کو حل کرنے کے 100 طریقے ہیں، توقع ہے کہ آئندہ ان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں ہو گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب ملک کے خیر خواہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک عظیم سے عظیم تر بنے۔



 
خبر کا کوڈ : 744389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش