0
Monday 13 Aug 2018 18:58

سعودی سلطنت کی سیکورٹی اور حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے، پی ٹی آئی کی شاہ سلمان کو یقین دہانی

سعودی سلطنت کی سیکورٹی اور حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے، پی ٹی آئی کی شاہ سلمان کو یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نامزد وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا اور انتخاب جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ پی ٹی آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شاہ سلمان نے نئی حکومت کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی نظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ سعودی عرب نئی حکومت کے ساتھ نہایت قریبی اور متحریک تعلقات کا خواہاں ہے۔ عمران خان نے سعودی فرمانروا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، پاکستان کا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سیکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں حرمین شریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔ شاہ سلمان کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ عمران خان نے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو انتخابات جیتنے کے بعد پاکستان کے متوقع 21 ویں وزیراعظم ہونے کی وجہ سے دنیا بھر سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل بھی عمران خان کو سعودی فرمانروا کی مبارکباد کا پیغام موصول ہوا تھا۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو مبارکباد کا پیغام ارسال کیا اور پاکستان کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔ پاکستان میں تعینات سعودی سفیر فیر نواف بن سعید المالکی وہ پہلے سفیر تھے جنہوں نے اس سلسلے میں عمران خان سے ملاقات کی تھی جبکہ انتخابی نتائج آنے کا سلسلہ جاری تھا۔ بعد ازاں متعدد ممالک کے سفیروں نے سربراہ تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔ پی ٹی آئی چیئرمین کو دنیا کے کئی سربراہانِ مملکت کے فون بھی موصول ہوئے جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، افغانستان کے صدر اشرف غنی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان بھی شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 744394
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش