0
Tuesday 14 Aug 2018 10:58

بلوچستان، سنجدی کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 11 ہوگئی

بلوچستان، سنجدی کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 11 ہوگئی
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی میں کوئلہ کان منہدم ہونے کے باعث جاں بحق ہونیوالوں کانکنوں کی تعداد 11 تک پہنچ گئی ہے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں تین ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔ دو ریسکیو اہلکاروں سمیت سات کانکن تاحال ہزاروں فٹ گہرائی میں پھنسے ہوئے ہیں، جن کے زندہ ہونے کی امیدیں بھی ختم ہوگئی ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ریسکیو میں شریک اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کان کے نچلے حصے میں میتھین گیس کی بھاری مقدار جمع ہونے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جاں بحق کانکنوں کا تعلق خیبر پشتونخوا کے علاقے دیر اور سوات سے ہے۔ کوئٹہ سے تقریباً تیس کلو میٹر دور سنجدی میں واقع الگیلانی کول مائنز کے کوئلہ کان نمبر سی ون میں اتوار کی شام حادثہ پیش آیا تھا۔ کان کا ایک حصہ اچانک منہدم ہونے سے 13 کانکن ساڑھے تین ہزار فٹ کی گہرائی میں پھنس گئے۔ کان میں تقریباً ڈھائی ہزار فٹ کی گہرائی میں دو سو فٹ کے قریب تودا گرا تھا، جس سے نیچے اترنے، ہوا اور آکسیجن کا راستہ بند ہوگیا تھا۔ ساتھیوں کو زندہ نکالنے کیلئے قریب کے کوئلہ کانوں میں کام کرنیوالے کانکنوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو آپریشن شروع کیا، تاہم انہیں ضروری مشنری اور ریسکیو کا تربیت یافتہ عملہ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خبر کا کوڈ : 744496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش