0
Tuesday 14 Aug 2018 11:38

خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا آغاز

خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام شجرکاری مہم کا آغاز
اسلام ٹائمز۔ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاو ر کے زیر اہتمام 71ویں یوم آزادی کی مناسبت سے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ جس کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر ایوب روز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ علاوہ ازیں، گجو خان میڈیکل کالج صوابی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر خان، رجسٹرار کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر سلیم گنڈاپور، پراجیکٹ ڈائریکٹر سوشل ہیلتھ پروٹیکشن اینی شی ایٹیو ڈاکٹر ریاض تنولی، اینڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے ڈاکٹر شہزاد فیصل، ڈی او پی اینڈ سی نوشہرہ ڈاکٹر ابوذر، ٹیکنیکل فوکل پرسن پی ای آئی ڈاکٹر امتیاز علی، ڈی ڈی ایس ایچ پی آئی ڈاکٹر بشیر احمد، پرنسپل پی ایچ ایس ڈاکٹر عبید الرحمان، یونیسیف پشاور آفس کے ڈاکٹر جوہر، ڈاکٹر بشیر احمد اور در نایاب، عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر سردار حیات اور ڈاکٹر سعدیہ اشفاق، پبلک ہیلتھ ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا کی چیئر پرسن ڈاکٹر صائمہ عابد، ڈاکٹر توصیف اسماعیل، ڈائریکٹر آئی بی ایم ایس ڈاکٹر ظل ہما اور سینئر صحافی اسماعیل خان بھی اس موقع پر مو جو د تھے۔ تقریب سے وائس چانسلر پر وفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کے ایم یو نے شجرکاری مہم کے آغاز سے یوم آزادی مناکر ایک نئی روایت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پودے ہماری زندگی کی بقاء کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، جن سے ہماری نئی نسل کا مستقبل وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے زمین پر تمام جانداروں بشمول انسانوں اور جانوروں کو لاحق خطرات کے پش نظر بڑے پیمانے پر شجر کاری ہماری بنیادی ضرورت ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ بڑے پیمانے پر پودوں کی کاشت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لہٰذا کے ایم یو نے اس سال بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ارشد جا وید نے کہا کہ بعض ممالک جن کے کل رقبے کے 40 تا 50 فیصد رقبے پر پودے لگائے گئے ہیں، کی نسبت پاکستان میں یہ شرح محض 5 فیصد ہے۔ جو عالمی معیار کے مقابلے میں بہت کم ہے، لہٰذا اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کو تندہی اور پرجوش انداز میں بڑے پیمانے پر شجرکاری میں حصہ لینا ہوگا۔ بعدازاں پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید، ڈاکٹر ایوب روز، اسماعیل خان، ڈاکٹر ظل ہما، ڈاکٹر صائمہ عابد اور دیگر مہمانوں و شرکاء نے یونیورسٹی میں مختلف قسم کے پودے لگاکر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
خبر کا کوڈ : 744518
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش