0
Tuesday 14 Aug 2018 14:11
جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب

ارض وطن کے 71 سال، جشن آزادی کا تزک و احتشام سے بھرپور اہتمام

دفاع وطن کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزائم زندہ ہیں
ارض وطن کے 71 سال، جشن آزادی کا تزک و احتشام سے بھرپور اہتمام
اسلام ٹائمز۔ پاکستان 71 برس کا ہو گیا ہے۔ وطن کی آن پر مرمٹنے کا جذبہ روز اول کی طرح جواں ہے، وطن کے حصول کی خاطر دی گئی قربانیاں ذہنوں میں موجود ہیں اور جذبوں کی حدت اس عرصہ کو حوصلوں اور عزائم کا عنوان مانتی ہے۔ برصغیر کے طول و ارض میں گونجتے آزادی کے نعروں نے آج ہی کی کے روز حقیقت کا روپ دھارا تھا، 14 اگست 1947ء کو لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی قیمت چکائی تھی۔ ان یادوں کو سینوں سے لگائے آج نوجوان، بچے، بوڑھے اور خواتین سب ہی اپنے وطن کی محبت میں خوشی سے سرشار ہیں۔ لاکھوں قربانیوں سے ملنے والی آزادی کا جشن ملی جوش و خروش اور جذبے سے منایا جارہا ہے، وطن عزیز کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیاری کے عزائم زندہ ہیں۔ پاکستان میں وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 14 اگست 2018ء کے دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور میں محفوظ شہید گریژن، پشاور میں کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں 21 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ کوئٹہ اور کراچی میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے توپوں کی سلامی پیش کی۔ جشن آزادی کی صبح وطن عزیز کی ترقی اور سلامتی  کے لئے گھروں اور مساجد میں خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ہوئی، تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کےسربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، غیر ملکی سفرا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ان تصورات کی مجسم تصویر ہے جس کی آغوش میں ہم ہر لمحہ آزادی کا لطف اٹھاتے ہیں، یوم آزادی پر سبز ہلالی پرچم مزید بلند کرنے کی لگن بڑھ جاتی ہے۔ آج حقیقی جشن کا دن ہے اور میں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ جشن آزادی اور عام انتخابات کے درمیان پیغام پوشیدہ ہے۔ یہ دن یاد دہانی ہے پاکستان کی قسمت کے فیصلے ووٹ کی پرچی سے ہوں گے۔ پاکستان کے نمائندے وہی ہوسکتے ہیں جنہیں ووٹرز سند نمائندگی دیں، دعا ہے کہ پاکستان کی خدمت کرنے والوں کو آسانیاں عطا ہوں۔

یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں کیڈٹس نے پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ لاہور میں مزار اقبال پر بھی تقریب ہوئی جہاں آرمی کے چاق و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ جی او سی میجر جنرل شاہد محمود نے آرمی اور رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا، انہوں نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاکستان نیوی کی جانب سے کراچی میں واقع میری ٹائم میوزیم میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں اسکولوں کے بچوں نے قومی ترانہ اور ملی نغمے پڑھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل آصف خالد تھے۔

یوم آزادی کے موقع پر حریت رہنماؤں نے بھی پاکستانی قوم کو مبارک باد دی ہے۔ حریت لیڈر سید علی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف اور کشمیر کاز کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت پرپاکستان کے مشکور ہیں۔ شبیر احمد شاہ سمیت دوسرے حریت رہنماؤں نے بھی پاکستانی عوام کو یوم آزادی پرمبارک باد دی ہے۔ حریت رہنماؤں نے کشمیری عوام سے 15 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل بھی کی۔سرکاری و غیرسرکاری عمارتوں، اہم مقامات، تعلیمی اداروں کو سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے سجایا گیا ہے۔ نجی و سرکاری سطح پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں وطن عزیز کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ پاکستان میں تعینات غیر ملکی سفیروں اور سفارت خانوں کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر تہنیتی پیغامات بھی دیے گئے۔

جشن آزادی کی خوشیاں صرف پاکستان ہی نہیں دیار غیرمیں بھی منائی جا رہی ہیں۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں  پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے یوم آزادی کی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ بارسلونا میں جشن آزادی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں بچوں بڑوں نے شرکت کی، تقریب میں ملی نغمے پیش کیے گئے اور ارض پاک کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اسپین کے شہر میڈرڈ، ویلینسیا میں بھی پاکستانی کمیونٹی نے روایتی انداز میں آزادی کا جشن منایا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی جدہ میں مقیم پاکستانی نوجوانوں نے پاکستان کے جشن آزادی کو ایک بالکل مختلف، انوکھے اور نئے انداز میں سمندر کی گہرائیوں میں جا کر منایا۔ یحییٰ اشفاق اورعمرجان نامی پاکستانی نوجوانوں نے سعودی دوستوں كے ساتھ مل کر یوم آزادی منایا۔ 150 فٹ کی گہرائیوں میں رنگ برنگی مچھلیوں کے درمیان پاکستان کا پرچم لہرایا۔ ایران میں پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر بڑے بڑے ہورڈنگز نصب کیے گئے جہاں بانی پاکستان کی تصاویر آویزاں کر کے تہنیتی پیغامات درج کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 744539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش