0
Tuesday 14 Aug 2018 16:42
پاکستان کی خاطر جینا افضل جہاد اور پاکستان کی خاطر مرنا مقدس شہادت ہے

پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنا کر دم لیں گے، سراج الحق

پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنا کر دم لیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کشمیریوں کو ظلم و ستم کے پہاڑ توڑنے والوں سے آزادی دلانا ہے، ہمیں خوشی کے لمحات میں کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں جمہوری اقتدار کی ترویج چاہتی ہے، عزم کرتے ہیں کہ ملک میں عدل و انصاف کا اسلامی نظام لائیں گے اور پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی ریاست بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ملک کی ترقی کیلئے ایک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کرپشن کیخلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک سے آزادی دلوانا ضروری ہے، ملک قرضوں کے جال میں جکڑا رہا تو ترقی نہیں کر پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا اور اس کے علاوہ کوئی نظام پاکستان میں رائج نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل اور بحرانوں کو واحد حل اسلامی نظام ہے جس سے ملک کے تمام مسائل حل ہو جائیں گے اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے جو نظریہ دیا تھا اس کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو بھی تحفظ حاصل ہے اور ریاست کے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں جبکہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جاتے ہیں، پاکستان بنانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ یہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 71 سال گزرنے کے باوجود ملک میں غربت، جہالت، بدعنوانی، بے روزگاری اور بدامنی ہے، پاکستان کی خاطر جینا افضل جہاد اور پاکستان کی خاطر مرنا مقدس شہادت ہے، قیام پاکستان کا مقصد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی حکمرانی تھی، پاکستان محض جغرافیہ نہیں، ہمارا نظریہ اور ایمان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کروڑوں مسلمانوں کی جدوجہد اور لاکھوں مسلمانوں کی شہادتوں کا ثمر ہے، قیام پاکستان کیلئے ہمارے بڑوں نے انسانی تاریخ کی عظیم ترین قربانیاں پیش کیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔ 
خبر کا کوڈ : 744572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش