QR CodeQR Code

بلاول ہاؤس گرانے سے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا، عمران اسماعیل

14 Aug 2018 18:33

اپنے وضاحتی بیان میں نامزد گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ میں نے بلاول ہاؤس کے اطراف میں قائم بلند دیواروں کی بات کی تھی لیکن میرے بیان کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم اور سابق صدر کے گھر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں لیکن پیپلز پارٹی میرے بیان پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بلاول ہاؤس گرانے سے متعلق اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ اس قسم کا کوئی بیان نہیں دیا اور بلاول ہاؤس گرانے سے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بلاول ہاؤس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے، بیرونی دیوار نہیں گرائی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔ عمران اسماعیل کے بیان کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے ان پر شدید تنقید کی گئی جس کے بعد اب انہیں وضاحت دینی پڑگئی ہے۔ اپنے بیان میں نامزد گورنر کا کہنا تھا کہ میں نے بلاول ہاؤس گرانے کا بیان نہیں دیا، بلاول ہاؤس تاریخی اہمیت کی حامل جگہ ہے اس لئے اس کو گرانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ ان کا اپنے وضاحتی بیان میں کہنا ہے کہ میں نے بلاول ہاؤس کے اطراف میں قائم بلند دیواروں کی بات کی تھی لیکن میرے بیان کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم اور سابق صدر کے گھر کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں لیکن پیپلز پارٹی میرے بیان پر سیاست کرنا چاہتی ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 744607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/744607/بلاول-ہاؤس-گرانے-سے-متعلق-سوچ-بھی-نہیں-سکتا-عمران-اسماعیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org