0
Wednesday 15 Aug 2018 11:01

موجودہ حالات میں ملک کسی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، علاؤالدین مری

موجودہ حالات میں ملک کسی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، علاؤالدین مری
اسلام ٹائمز۔ نگران وزیراعلٰی بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ آزادی کسی بھی ملک اور قوم کے لئے ایک بڑی نعمت ہے اور اس نعمت کی ہمیں بہت قدر کرنی چاہیئے۔ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں ان شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہیئے، جنہوں نے ملک اور قوم کے تابناک مستقبل کی خاطر اپنے جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ آج پورا ملک خاص طور سے ہمارا صوبہ دہشتگردی کی جس عفریت کا شکار ہے، وہ ہم سب کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ ہم نے دشمن کے اس چیلنج کو قبول کیا ہے۔ ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز کے جذبے، صلاحیت اور جرات پر بھرپور اعتماد ہے۔ قوم نے اتفاق رائے کے ساتھ دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقدہ قومی پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں اسپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، نگران صوبائی وزراء، نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور دیگر اعلٰی سول وملٹری حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلٰی نے کہا کہ ہم آج کے دن ملک کی سالمیت قومی اثاثوں کے تحفظ اور عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لئے جانیں قربان کرنے والے اپنے سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ اللہ تعالٰی کی مدد ہمارے ساتھ ہے۔ مستونگ اور کوئٹہ میں جو واقعات ہوئے اور جب زخمیوں کو ہسپتالوں میں لایا گیا تو ہمیں ایک قوم بن کر ان زخمیوں کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیئے تھا، لیکن بدقسمتی سے کوئٹہ شہر میں سینکڑوں پرائیویٹ ہسپتال ہونے کے باوجود کوئی ڈاکٹر ان زخمیوں کے علاج ومعالجے کے لئے سامنے نہیں آیا۔ دشمن نے بہت کوشش کی کہ انتخابات کو سبوتاژ کیا جائے، لیکن بڑا ٹرن آؤٹ دشمن کے منہ پر طمانچہ ثابت ہوا۔ ہماری نیک خواہشات نئی اسمبلی کے ساتھ ہیں۔ ہم نومنتخب حکومت کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ وزیراعلٰی نے اس موقع پر قیام پاکستان سے اب تک ملک کے دفاع اور امن کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قبل ازیں وزیراعلٰی نے قومی پرچم سربلند کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 744710
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش