QR CodeQR Code

پاکستان کی فوجی امداد اور عسکری تربیتی پروگرامز روکنے سے دونوں ملکوں کا نقصان ہوگا، علی جہانگیر صدیقی

15 Aug 2018 13:40

سفارت خانے میں یوم آزادی کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دنیا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے بلکہ اس کے تجربات اور کوششوں سے سیکھنا بھی چاہتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکا میں متعین پاکستان کے سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوجی امداد اور عسکری تربیتی پروگرامز روکنے سے دونوں ملکوں کا نقصان ہوگا۔ پاکستان کے سفارت خانے میں یوم آزادی کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ دنیا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی معترف ہے بلکہ اس کے تجربات اور کوششوں سے سیکھنا بھی چاہتی ہے، عسکری تربیتی پروگرام نہ صرف پاکستان بلکہ امریکا کیلئے بھی اہم تھا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ امریکا جلد پاکستان کیلئے عسکری تربیتی پروگرام بحال کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جانب اس بات کا احساس پایا جاتا ہے کہ اس پروگرام کے اثرات کیا ہیں، لہٰذا جب دونوں ممالک سیکورٹی سے وابستہ معاونت دوبارہ شروع کریں گے تو عسکری تربیت کا پروگرام سب سے پہلے بحال ہوگا۔ سفیر علی جہانگیر صدیقی نے کہا کہ اعتماد کی بحالی اور رواں سال کے آغاز میں عائد کی جانے والی سفارتی عملے پر سفری پابندیوں کے خاتمے کے حوالے سے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں، حتیٰ کہ قائد اعظم نے پاکستان کے قیام کے موقع پر امریکا کی جانب سے بھیجے جانے والا مبارکباد کا پیغام پڑھ کر سنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کشیدہ پاک امریکا تعلقات جلد معمول پر آئیں گے اور مشترکہ مفادات کیلئے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ۔ علی صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی آنے والی حکومت نے ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ متوازن تعلقات قائم رکھنے کا اعلان کیا ہے اور اس ضمن میں آئندہ وزیراعظم عمران خان کا بیان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آنے والے دنوں میں دونوں ملکوں کےتعلقات کیا رخ اختیار کریں گے۔

قبل ازیں، یوم آزادی کی تقریب میں سفیر علی جہانگیر صدیقی نے قومی پرچم بلند کیا اور امریکی حکام سے مبارکباد کے پیغامات وصول کیے۔ تقریب میں کئی پاکستانی امریکن شہریوں اور ریاست میری لینڈ کے سیکریٹری آف اسٹیٹ جان سمتھ نے شرکت کی۔ امریکی ایوان کی خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی برائے ایشیا کے نمایاں رکن براڈ شرمین نے اپنے پیغام میں پاکستان کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات اور دوستی بہت اہم ہے، ہم یہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔ دریں اثناء مرکزی تقریب کے دوران پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے پرچم کشائی کی۔پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی یوم آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یوم آزادی کا آغاز آبائو اجداد کی قربانیوں کی یاد سے کرتے ہیں۔ علی جہانگیر صدیقی کا کہنا تھا کہ آج اس یاددہانی کا دن ہے کہ ہم کتنا آگے بڑھ چکے ہیں، آج اس یاددہانی کا دن ہے کہ مستقبل میں ہمیں کہاں جانا ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے ووٹنگ میں حصہ لیا، نوجوان ہمارا احتساب کرتے ہیں، پاکستان میں نئی حکومت بھاری مینڈیٹ لے کر آئی ہے امید ہے کہ امریکا میں موجود پاکستانی اپنے وطن کے مستقبل کے لیے جڑے رہیں گے، اپنے وطن کی میراث سے جڑے رہنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ علی جہانگیر صدیقی کا کہنا تھا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارت خانہ اور قونصلیٹ پاکستانیوں کی خدمت کے لیے مستعد ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 744749

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/744749/پاکستان-کی-فوجی-امداد-اور-عسکری-تربیتی-پروگرامز-روکنے-سے-دونوں-ملکوں-کا-نقصان-ہوگا-علی-جہانگیر-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org