0
Wednesday 15 Aug 2018 21:36

جموں کشمیر کا مسئلہ امن و ترقی کا مسئلہ نہیں ہے، سید علی گیلانی

جموں کشمیر کا مسئلہ امن و ترقی کا مسئلہ نہیں ہے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے بھارت کے یوم آزادی کے موقعے پر کشمیر سے متعلق دئے گئے بیان ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ وہ مظلوم قوم کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعے سے خوفزدہ کرکے انہیں اپنی مبنی بر صداقت جدوجہد سے مایوس اور بددل کرکے اپنے فوجی قبضے کو مستحکم بنا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کا مسئلہ امن و ترقی کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ ایک کروڑ تیس لاکھ لوگوں کے پیدائشی اور بنیادی حق کا مسئلہ ہے جس کا وعدہ خود بھارت کے حکمرانوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ کئے ہیں۔

آج لعل قلعہ میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کے اس بیان کہ ’’ہم واجپائی کے مشن انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت کو آگے بڑھائیں گے‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ واجپائی کی امیج بی جے پی میں ایک اعتدال پسند لیڈر کی سہی، لیکن ان کے خون کے خلیوں میں آر ایس ایس کے ہی نظریاتی جینز پائے جاتے ہیں۔ وہ اپنی ذاتی صفات کے باوصف فرقہ پرست ہیں اور انہوں نے اپنا پورا سیاسی کیرئیر آر ایس ایس اور بی جے پی کی خدمت اور اسے مضبوط بنانے میں ہی صرف کیا ہے۔ وہ کشمیر کے حوالے سے سنگ پریوار کے مکروہ ذہن سے ہی سوچتے رہے ہیں۔ وہ جس ’’جمہوریت، انسانیت اور کشمیریت‘‘ کی بات کرتے تھے، اس میں جمہوریت اس کے سوا کچھ نہیں تھی کہ کشمیری عوام ساڑھے 8 لاکھ بھارتی فوجوں کی نگرانی میں کئے جانے والے انتخابات کو استصواب کا نعم البدل سمجھ کر قبول کریں۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ایک بار ’’انسانیت کے دائرے‘‘ کی انہوں نے خود وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کا آئین انسانی قدروں سے متصادم نہیں ہے۔ کشمیریت کا دائرہ ان کی نظر میں صرف یہ ہے کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہدِ آزادی اور قربانیوں کو فراموش کرکے بھارت کے آئین کے اندر رہتے ہوئے ’’نئی زندگی‘‘ شروع کریں۔ ان کے نزدیک ’’کشمیریت‘‘ ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھانے کے بجائے ظلم سہنے اور اپنے جائز حقوق سے دست بردار ہونے کا نام ہے۔
خبر کا کوڈ : 744795
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش