0
Thursday 16 Aug 2018 11:34

بلوچستان میں ناراض بھائیوں کو قومی دھارے میں شامل کرینگے، قاسم خان سوری

بلوچستان میں ناراض بھائیوں کو قومی دھارے میں شامل کرینگے، قاسم خان سوری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے جمہوریت کیلئے جانوں کے نذرانہ پیش کئے ہیں۔ خوف کی فضاء میں لوگوں نے گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالے۔ بلوچستان وسائل اور قدرتی معدنیات سے مالا مال ہونے کے باوجود آج بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا حلف لینے کے بعد اظہار خیال کے دوران کیا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کو بحال کرکے صوبے میں رونقیں واپس بحال کریں گے۔ ماضی میں صوبے میں عوام کے درمیان نفرتیں پھیلا کر بھائی چارے والی فضاء کو ختم کر دیا گیا۔ ایسے شہر سے آیا ہوں جہاں آج 21ویں صدی میں لوگ پینے کے لئے صاف پانی اور ہسپتالوں میں صحت کے بنیادوں سہولیات کے لئے ترس رہے ہیں۔

قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پارٹی کا مشکور ہوں، جنہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے میرا نام قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے لئے منتخب کیا ہے۔ بلوچستان کا سب سے بڑا شہر کوئٹہ ایک وقت میں لٹل پیرس ہوا کرتا تھا، بدقسمتی سے اقتدار میں آنیوالے حکمرانوں کی نااہلی کے باعث آج کچرے کے ڈھیر اور مسائل سے گھیرا ہوا شہر ہے۔ ہم کوئٹہ کو واپس لٹل پیرس میں تبدیل کرینگے۔ پاکستان تحریک انصاف صوبے میں پائی جانیوالی احساس محرومی کا خاتمہ کرتے ہوئے رونقیں بحال کریں گے۔ صوبے میں امن و امان کے لئے کوشش کریں گے اور اپنے نارض بھائیوں کو قومی دھارے میں شامل کرینگے۔ آج قومی اسمبلی میں جمہوری روایات کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخابات ہوا اور اسد محمود نے جمہوری انداز میں مقابلہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 744874
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش