0
Thursday 16 Aug 2018 15:47

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی جاری

پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی جاری
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا، اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیر صدارت اسپیکر کے انتخاب کے لئے ووٹنگ ہوئی۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ارکان نے ووٹ کا حق استعمال کیا، ووٹنگ کے دوران تین بار ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے، ووٹ دکھانے پر تحریک انصاف کی ایک خاتون صادقہ صاحبداد خان کا ووٹ کینسل کیا گیا۔ پولنگ مکمل ہونے پر اسپیکر نے اعلان کیا کہ اگر کوئی ممبر رہ گیا ہے تو ووٹ کاسٹ کر لے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے اسپیکر کے لئے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی جبکہ مسلم لیگ نون کے اسپیکر کے لئے چوہدری اقبال گجر میدان میں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف کے 176 اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ قاف کے 10 ارکان ہیں۔ مسلم لیگ نون کے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں 162 ارکان ہیں، پیپلزپارٹی کے 7 ارکان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے پنجاب کی 17ویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے گذشتہ روز حلف اٹھایا، اسپیکر رانا محمد اقبال نے ان سے حلف لیا۔ لیگی ارکان نے سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش احتجاج کیا، پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں سے 354 نو منتخب ارکان نے حلف لیا، چودھری نثار، عظمٰی قادری اور میاں جلیل سمیت 5 نومنتخب ارکان حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی نہ پہنچ سکے، 6 حلقے نشستیں چھوڑنے پر خالی ہو گئے، 3 پر الیکشن ہی نہیں ہوا اور الیکشن کمیشن نے 3 حلقوں کے رزلٹ روک رکھے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 176 ممبران نے حلف اٹھایا جن میں 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ نون کے 162 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ قاف کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 3 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں، 13 اراکین اسمبلی نے تاخیر سے پہنچنے کے باعث بعد میں حلف اٹھایا۔
خبر کا کوڈ : 744903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش