0
Thursday 16 Aug 2018 16:18

چوہدری پرویز الٰہی 201 ووٹ لیکر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

چوہدری پرویز الٰہی 201 ووٹ لیکر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ قاف کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الہٰی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہو گئے۔ مجموعی طور پر 349 ووٹ کاسٹ کئے گئے، چوہدری پرویز الہٰی نے 201 ووٹ جبکہ مسلم لیگ نون کے امیدوار چوہدری اقبال گجر نے 147 ووٹ حاصل کئے، ایک ووٹ مسترد ہوا۔ سبکدوش ہونے والے اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال نے نومنتخب اسپیکر چوہدری پرویزالٰہی سے حلف لیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ارکان نے خفیہ ووٹنگ کے ذریعے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ ووٹنگ کے دوران تین بار ہنگامہ آرائی کے واقعات پیش آئے، ووٹ دکھانے پر تحریک انصاف کی ایک خاتون صادقہ صاحبداد خان کا ووٹ کینسل کیا گیا۔ پولنگ مکمل ہونے پر اسپیکر نے اعلان کیا کہ اگر کوئی ممبر رہ گیا ہے تو ووٹ کاسٹ کر لے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اسپیکر الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک انصاف کے 176 اور ان کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے 10 ارکان تھے۔ مسلم لیگ نون کے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں 162 ارکان موجود تھے۔

خیال رہے پنجاب کی 17ویں اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے گذشتہ روز حلف اٹھایا، اسپیکر رانا محمد اقبال نے ان سے حلف لیا۔ لیگی ارکان نے سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش احتجاج کیا، پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں سے 354 نو منتخب ارکان نے حلف لیا، چودھری نثار، عظمٰی قادری اور میاں جلیل سمیت 5 نومنتخب ارکان حلف اٹھانے کیلئے پنجاب اسمبلی نہ پہنچ سکے، 6 حلقے نشستیں چھوڑنے پر خالی ہو گئے، 3 پر الیکشن ہی نہیں ہوا اور الیکشن کمیشن نے 3 حلقوں کے رزلٹ روک رکھے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 176 ممبران نے حلف اٹھایا، جن میں 139 جنرل، 33 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ نون کے 162 ارکان نے حلف اٹھایا جن میں 128 جنرل، 30 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان شامل ہیں۔ مسلم لیگ قاف کے 10، پیپلز پارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 3 آزاد ارکان بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں، 13 اراکین اسمبلی نے تاخیر سے پہنچنے کے باعث بعد میں حلف اٹھایا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کی زیرصدارت اجلاس شروع ہوا تو نون لیگ کے ارکان نے "ووٹ کو عزت دو" کے نعرے لگانے شروع کر دیئے، اس پر پی ٹی آئی کے ارکان نے "چور چور" کے نعرے لگائے جس پر ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ خواجہ سعد رفیق نے خفیہ رائے شماری پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کو ووٹنگ کے دوران موبائل ساتھ لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ تحریک انصاف کے میاں محمود الرشید نے کہا کہ نون لیگ اپنے ارکان اسمبلی پر اعتماد رکھے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی اپنے موبائل ساتھ نہ لے جائیں، اس کے بعد اسپیکر کیلئے خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔ نئے سپیکر کے اعلان کیساتھ ہی لیگی ارکان نے شور مچانا شروع کر دیا اور حلف کے دوران شدید نعرے بازی کی۔ لیگی کارکنان "ڈاکو، ڈاکو" کے نعرے لگاتے رہے۔ حلف کے بعد چودھری پرویز الٰہی نے کرسی سنبھالی تو لیگی ارکان اسپیکر ڈائس کے سامنے آ گئے اور پرویز الٰہی کے خطاب کے دوران بھی شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ نعرے بازی کے بعد چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس میں 30 منٹ کا وقفہ کر دیا۔
 
خبر کا کوڈ : 744904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش