0
Friday 17 Aug 2018 07:37

پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کا داخلی خلفشار بے نقاب ہو گیا، پاکستان عوامی تحریک

پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کا داخلی خلفشار بے نقاب ہو گیا، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سینئر پارلیمنٹرین چودھری پرویز الٰہی کو بھاری اکثریت کیساتھ سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ ایک طویل عرصہ کے بعد پنجاب اسمبلی کو ایک مدبر، تجربہ کار اور زیرک سیاستدان ملا ہے، چودھری پرویز الٰہی اپنے تجربہ سے ہاؤس کو احسن طریقے سے چلائیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، ڈائریکٹر فارن افیئرز منہاج القرآن جی ایم ملک نے چودھری پرویز الٰہی کو مثالی کامیابی پر مبارکباد دی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن سے ن لیگ کا داخلی انتشار بے نقاب ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور عدلیہ کیخلاف منفی مہم سے ن لیگ کو 2018 کے الیکشن میں شکست ہوئی اور اب اسمبلیوں کے اندر بھی قاتل ٹولہ اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہا ہے، 15 اراکین کا ٹوٹنا بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ ن لیگ کا عبرتناک انجام نوشتہ دیوار ہے، ماڈل ٹاؤن کے قاتل اب تنہا رہ جائینگے اور ان کا ٹھکانہ جیل ہے، 10سال کے بعد پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو قاتل اور لٹیرے راج سے نجات ملی ہے۔ بشارت جسپال نے کہا کہ ہمیں اس بات کی بے حد خوشی اور اطمینان ہے کہ پنجاب سے ن لیگ کا صفایا ہو گیا، اگلے الیکشن میں قاتل ٹولے کو کھڑے کرنے کیلئے امیدوار بھی نہیں ملیں گے، چودھری پرویز الٰہی کو بھاری اکثریت سے سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 745007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش