QR CodeQR Code

اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر کو حل کیا جانا چاہئے، انجینئر رشید

17 Aug 2018 11:35

عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ قاتلوں کو اعزازات سے نوازے جانے سے نئی دہلی کے قول و فعل میں تضاد واضح ہوجاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے کشمیریوں کو گلے لگانے کی چاہت کا اظہار کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک نہ نئی دہلی اپنا ابہام دور کرے اور مسئلہ کشمیر کو اپنی اصل حیثیت میں تسلیم کرے تب تک کوئی بھی اچھے الفاظ بے معنیٰ ہی ٹھہریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھی جانی چاہیئے کہ الفاظ سے اونچی آواز کام کی ہوتی ہے لہٰذا جب تک عملی اقدامات نا ہوں تب تک اچھے سے اچھے الفاظ بھی کسی کام کے نہیں ہو سکتے ہیں۔ انجینئر رشید نے کہا کہ جو کچھ بھی وزیراعظم نے یوم آزادی کے موقعہ پر کہا وہ سننے میں اچھا ہے لیکن جب تک ان الفاظ اور زمینی حقائق میں مماثلت نہ ہو حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کو اعزازات سے نوازے جانے سے نئی دہلی کے قول و فعل میں تضاد واضح ہوجاتا ہے۔

انجینئر رشید نے کہا کہ جہاں فوج کہیں کہیں پر بچوں کو تعلیم دیکر ور اس طرح کے پروگراموں سے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتی ہے کہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے کاموں میں حصہ ڈالنا چاہتی ہے وہیں معصوموں اور نہتوں کے قتل ہائے ناحق کو جواز فراہم کرنے کی اسکی کوششوں سے اسکی ”گُڈوِل“ کے غبارے سے ہوا نکل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ باتیں ساتھ ساتھ کس طرح چل سکتی ہیں کہ ایک طرف فوج NEET اور دیگر پیشہ ورانہ کورسز کیلئے کشمیری نوجوانوں کی کوچنگ کرانے کا دعویٰ کرے اور دوسری جانب انہی نوجوانوں کے قتل میں ملوث جوانوں اور افسروں کو اعلیٰ اعزازات کیلئے نامزد بھی کرے۔ انہوں نے مودی سے دھوکے اور وقت گذاری کی روایتی پالیسی چھوڑ کر ایک سچے لیڈر کی طرح کام کرنے کی اپیل کی تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ایک ہی بار اور ہمیشہ کیلئے حل کیا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 745022

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/745022/اقوام-متحدہ-کی-قراردادوں-کے-تحت-مسئلہ-کشمیر-کو-حل-کیا-جانا-چاہئے-انجینئر-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org