QR CodeQR Code

اصغریہ اسٹوڈنٹس سندھ زرعی یونیورسٹی یونیٹ کے زیر اہتمام بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد

17 Aug 2018 15:59

ایک روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ میں 90 طلباء نے امام حسینؑ کی عظیم قربانی سے تجدید عہد کرتے ہوئے اپنے خون کے عطیات تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے بچوں کیلئے دیئے۔


اسلام ٹائمز۔ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان یونٹ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے زیر اہتمام تھیلسمیا پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی نوابشاہ اور یوتھ  اوئیرنیس آرگنائزیشن کے تعاون سے فیکلٹی کراپ پروڈکشن میں ایک روزہ بلڈ ڈونیشن کیمپ لگایا گیا، جس میں 90 طلباء نے امام حسینؑ کی عظیم قربانی سے تجدید عہد کرتے ہوئے اپنے خون کے عطیات تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے بچوں کیلئے دیئے۔ اس موقع پر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے افسران نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اے ایس او کے مرکزی تعلیم سیکریٹری راحیل برڑو نے کہا کہ اسلام ہدایت کے ساتھ ساتھ معاشرتی زندگی میں بہترین خدمات کا درس دیتا ہے، ہر انسان کے بدن میں تین بوتل اضافی خون کا ذخیرہ ہوتا ہے، ہر تندرست فرد ہر تین ماہ بعد خون کی ایک بوتل عطیہ میں دے سکتا ہے، جس سے اس کی صحت پر مزید بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں اور اس کا کولیسٹرول بھی قابو میں رہتا ہے۔

راحیل برڑو نے کہا کہ تین ماہ کے اندر ہی نیا خون ذخیرے میں آ جاتا ہے، خون بننے کے ساتھ ساتھ بدن میں قوت مدافعت کے عمل کو بھی تحریک ملتی ہے، جو صحت مند افراد ہر تیسرے ماہ خون کا عطیہ دیتے ہیں، وہ نہ تو موٹاپے میں مبتلا ہوتے ہیں اور نہ انہیں جلد کوئی اور بیماری لاحق ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش تھیلیسیمیا کے مرض کے شکار بچوں کی زندگی بچانے اور ملک کے عوام سے محبت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان وطن عزیز کی خدمات میں نمایاں رہے گی۔ اس موقع پہ تھیلیسیمیا سینٹر کے ذمہ داران نے تنظیم کے کام اور کیمپ میں خدمات کو سراہا۔


خبر کا کوڈ: 745049

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/745049/اصغریہ-اسٹوڈنٹس-سندھ-زرعی-یونیورسٹی-یونیٹ-کے-زیر-اہتمام-بلڈ-ڈونیشن-کیمپ-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org