0
Friday 17 Aug 2018 18:24

عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب

عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں قائد ایوان کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایوان میں نئے قائد کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں عمران خان اور شہباز شریف کے درمیان مقابلے کے دوران ارکان دائیں اور بائیں دو حصوں میں تقسیم ہوگئے۔ رائے شماری کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر نے نتائج کا اعلان کیا، جس کے تحت عمران خان قائد ایوان منتخب ہوگئے، عمران خان کو 176، جبکہ شہباز شریف کو  96 ووٹ ملے۔ رائے شماری میں عمران خان کو تحریک انصاف کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان نیشنل پارٹی، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان نے ووٹ دیئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف کو ان کی جماعت کے علاوہ متحدہ مجلس عمل اور عوامی نیشنل پارٹی کے ارکان کی بھی حمایت حاصل تھی۔

قائد ایوان کے انتخاب کیلئے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے کسی بھی امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔ عمران خان کے قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نعرے بازی شروع کر دی، مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کے حق میں اور عمران خان کے خلاف نعرے لگائے۔ نومنتخب وزیراعظم عمران خان کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی اور صدر مملکت ممنون حسین ان سے حلف لیں گے۔ تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی دعوت نامے جاری کئے جا چکے ہیں، جبکہ بھارت سے عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر پاکستان آئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 745074
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش