0
Saturday 18 Aug 2018 19:00

عالمی شخصیات کے پیغام، عمران خان کے نام

عالمی شخصیات کے پیغام، عمران خان کے نام
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نومنتخب وزیرعظم عمران خان کی حلف برداری کے بعد عالمی رہنماؤں کی طرف سے خیر سگالی کے پیغامات اور مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹرس نے بذریعہ خط نومنتخب وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد دی ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اپنے خط میں توقع کا اظہار کیا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو گا، انہوں نے کہا عالمی امن فوج میں پاکستان اقوام متحدہ کا سب سے قابل اعتماد شراکت دار ہے۔ سیکرٹری جنرل نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ میں اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں آپ سے ملاقات کا منتظر ہوں۔

عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے پر ہمسایہ ملک چین کی جانب سے بھی خیر سگالی کے پیغام میں مبارک باد دی گئی ہے۔ چین کی جانب سے عمران خان کے پاک چین تعلقات پر مثبت تبصروں کی حمایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ ہمسایہ ملک کی جانب سے نومنتخب وزیراعظم کے لیے خیرسگالی کے پیغام میں مزید دوستانہ، پیشہ ورانہ اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلانگو نے پاکستان کی پائیدار ترقی کا عظم دہراتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ ہم مستقبل میں نومنتخب وزیراعظم کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی منصب سنبھالنے پر وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا انتخاب عوام کی بہادری کی علامت ہے اور ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے عمران خان کو وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی، ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھولنے اور پاک برطانیہ تعلقات میں مزید  بہتری اور سرگرمی لانے کیلئے تیار ہے، برطانیہ نئی حکومت سے تعاون کرے گا۔ تحریک آزادی کشمیر کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں امید کرتا ہوں عمران خان قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریے اور اپنے نئے پاکستان کے خواب کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام امید کرتی ہی عمران خان برصغیر کے طویل تنازعے کو ہمارے مؤقف کے مطابق حل کرنے میں اہم ذریعہ ثابت ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 745244
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش