0
Saturday 18 Aug 2018 19:21

وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی، ابھی 21 وزارتوں کا قلمدان پاس رکھینگے

وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی، ابھی 21 وزارتوں کا قلمدان پاس رکھینگے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دے دی، شاہ محمود وزیرخارجہ، فواد چوہدری وزیراطلاعات، پرویز خٹک وزیر دفاع، فروغ نسیم وزیر قانون، شیخ رشید وزیر ریلوے اور خالد مقبول وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ہوں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے 20 رکنی وفاقی کابینہ کی منظوری دی ہے جس میں 15 وزراء اور 5 مشیر شامل ہوں گے جبکہ وزراء پیر کے روز اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔ عمران خان نے اپنی کابینہ میں شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ، پرویز خٹک کو وزیر دفاع، اسد عمر کو وزیر خزانہ و اقتصادی امور اور شیریں مزاری کو انسانی حقوق کا قلمدان دیا ہے۔ شفقت محمود کے پاس وزارت تعلیم اور قومی تاریخ و ادب ہوں گی، فواد چودھری وزیر اطلاعات ہونگے جبکہ عامر کیانی وفاقی وزارت صحت کا قلمدان سنبھالیں گے۔

ایم کیو ایم کے فروغ نسیم وزیر قانون اور خالد محمود صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر ہوں گے۔ وزارت ریلوے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے سپرد کی گئی ہے جبکہ جی ڈی اے کی رکن اسمبلی فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ہوں گی۔ طارق بشیر چیمہ ریاستی و سرحدی امور کے وزیر ہوں گے، نورالحق قادری کو مذہبی و اقلیتی امور کی وزارت دی گئی ہے۔ غلام سرور خان کو پیٹرولیم ڈویژن سونپا گیا ہے جبکہ زبیدہ جلال دفاعی پیداوار کی وفاقی وزیر ہوں گی۔ اس کے علاوہ شہزاد ارباب مشیر اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس اینڈ انڈسٹری، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری، امین اسلم ماحولیات اور بابر اعوان کو پارلیمانی امور کا مشیر لگایا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 5 مشیروں کی بھی منظوری دی ہے اور پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان مشیر پارلیمانی امور ہوں گے۔ اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر عشرت حسین مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات، امین اسلم ماحولیاتی تبدیلی اور محمد شہزاد مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور عبدالرزاق داؤد کو مشیر برائے صنعتی پیداوار مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نے ابتدائی طور پر 21 وزارتوں کے قلمدان اپنے پاس رکھیں گے، جن میں وزارت توانائی، تجارت، صنعت و پیداوار، نیشنل فوڈ سکیورٹی، وزارت منصوبہ بندی، شماریات، نجکاری، ہاوسنگ اینڈ ورکس اور میری ٹائم کی وزارت شامل ہے۔ عمران خان وزارت داخلہ کا قلمدان بھی اپنے پاس رکھیں گے اس کے علاوہ نارکوٹکس کنٹرول، سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت، پوسٹل سروسز، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، آبی وسائل، مواصلات، کیڈ اور وزارت موسمیات بھی ان کے پاس ہوں گی۔ وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت پارلیمانی امور بھی وزیراعظم کے پاس ہو گی۔

 
خبر کا کوڈ : 745247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش