0
Saturday 18 Aug 2018 23:11

اگر صوبے کے مسائل حل نہ کرسکے تو آئندہ الیکشن نہیں لڑیں گے، عثمان بزدار

اگر صوبے کے مسائل حل نہ کرسکے تو آئندہ الیکشن نہیں لڑیں گے، عثمان بزدار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب کی وزارت اعلٰی کے نامزد اُمیدوار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب ایک بہت بڑا صوبہ ہے، اس میں بےشمار چلینجز ہیں اور اس صوبے کو چلانا کوئی آسان کام نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں کہ پہلی بار آپ ایم پی منتخب ہوئے ہیں تو کیسے صوبہ چلائیں گے، انشاءاللہ ہم ان کو صوبہ چلا کر دکھائیں گے، نامزد وزیراعلٰی نے مزید کہا کہ پنجاب میں جو بدانتظامی اور کرپشن ہے، اور بیڈ گورننس ہے ان سب کو ختم کر کے دکھائیں گے، اگر یہ کام میں نہ کرسکا تو انشاءاللہ اگلے پانچ سال میں الیکشن نہیں لڑوں گا، انہوں اس بات کا بھی یقین دلایا کہ لوگ پنجاب میں بہت جلد تبدیلی محسوس کریں گے، یہ کوئی مہینوں کی بات نہیں، ہم آپ کو دنوں میں تبدیلی لا کر دکھائیں گے۔ عثمان بزدار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنوبی پنجاب کو بہت توجہ کی ضرورت ہے اور وہ عمران خان کی جانب اعلان کردہ ایجنڈے کے مطابق تمام مسائل کو حل کریں گے۔

وزارت عظمٰی کے بعد ملک کی دوسری طاقتور کرسی، پنجاب کی وزارت اعلٰی کو گردانا جاتا ہے، جس کے لئے میدان پوری طرح سج گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے عثمان بزدار نے اپنے کاغذات جمع کرا دئیے ہیں۔ عثمان بزدار جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے درجن بھر اراکین پنجاب اسمبلی کے جلو میں اسمبلی پہنچے، دوسری طرف نون لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز شریف کے کاغذات میاں مجتبیٰی شجاع نے جمع کرائے۔ میاں مجتبٰی نے اِس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کسی قسم کی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دی جائے گی۔ سردار عثمان بزدار پنجاب کے دور دراز علاقے تونسہ شریف سے پہلی بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور پہلی ہی باری میں صوبے کے سب سے بڑے عہدے کے لئے نامزد ہو گئے، سردار عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیا، 27 ہزار 27 ووٹ لے کر آزاد امیدوار خواجہ محمد نظام المحمود کو شکست دی، 2013ء میں عثمان بزدار نے مسلم لیگ نون کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا۔ انہوں نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سے شکست کھائی، 2018ء میں عثمان بزدار جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا حصہ بن گئے، عثمان بزدار 2002ء سے 2008ء تک مسلم لیگ قاف کا حصہ رہے، وہ مشرف دور میں تونسہ کے تحصیل ناظم بھی رہے۔ انہوں نے ایم اے پولیٹیکل سائنس کر رکھا ہے، عثمان بزدار کے والد بھی تین بار پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 745277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش