QR CodeQR Code

وزیراعظم پاکستان کی حوصلہ افزاء تقریر نے گلگت بلتستان کے عوام کو مایوس کردیا

20 Aug 2018 01:41

جی بی کی قوم پرست تنظیموں کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ وفاقی جماعتوں کے رہنماء جی بی کو کبھی حقوق دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، کیونکہ انکے مفادات اس علاقے سے وابستہ ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم نے بطور وزیراعظم پاکستان آج قوم سے پہلا خطاب کیا، جس میں انہوں نے اپنی حکومتی پالیسیز، ترجیحات اور پلان کا ذکر کیا۔ انکی جامع گفتگو کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے اور ایک متوازن خطاب قرار دیا جا رہا ہے۔ انکا خطاب قوم کو مایوسی سے نکالنے اور قومی مورال کو بلند کرنے کے لیے نہایت اہم تھا۔  انہوں نے پاکستان کے تمام صوبوں سمیت فاٹا کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی مگر وہ اپنی سوا گھنٹے کی تقرر میں گلگت بلتستان اور کشمیر کا نام تک نہیں لیا۔ تبدیلی کے نعرے کے ساتھ حکومت میں آنے والے عمران خان سے پاکستان کے عوام کی طرح ستر سالوں سے حقوق سے محروم جی بی کے عوام کو بڑی امیدیں تھیں، لیکن انکی پہلی تقریر نے نہایت مایوس کردیا۔ جی بی میں سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مقامی قیادتوں کو احتجاج ریکارڈ کرانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ گلگت بلتستان کی سیاسی نفسیات اور وفاقی حکومت کے مفادات کے سبب ہمیشہ سے اس خطے میں وفاقی حکومت برسراقتدار آتی رہی ہے اور عوام کا سمجھنا یہ ہے کہ حکمران جماعت ہی یہاں کے مسائل کو حل کرسکتی ہے۔ لیکن ستر سالہ تاریخ میں وفاقی سیاسی جماعتوں نے سوائے محرومی کے آئینی حقوق دینے کے لیے نہ صرف سنجیدہ اقدام نہیں کیے بلکہ متنازعہ حقوق چھیننے میں بھی پیش پیش رہیں۔

سوشل میڈیا گروپس میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی قائدین عمران خان کے پہلے خطاب میں گلگت بلتستان کو یکسر فراموش کرنے پر نہ صرف خاموش ہیں بلکہ دلبرداشتہ بھی نظر آتے ہیں۔ اس عمل سے وفاق میں تبدیلی کے ساتھ جی بی میں جوانوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کا سلسلہ بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے افسوسناک رویے کا دفاع کرنا فی الحال جی بی کے کھلاڑیوں کے لیے نہایت مشکل ہے۔ تحریک انصاف کے مخالفین کے اعتراضات اپنی جگہ لیکن ان کے خیرخواہ اور کارکنان بھی گلگت بلتستان کو فراموش کرنے پر نالاں نظر آتے ہیں۔ دوسری طرف جی بی کی قوم پرست تنظیموں کے رہنماوں اور کارکنان کا کہنا ہے کہ عمران خان سمیت وفاقی جماعتوں کے رہنماء جی بی کو کبھی حقوق دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، کیونکہ انکے مفادات اس علاقے سے وابستہ ہیں اور ساتھ ہی انہیں وزیراعظم منتخب کرنے میں یہاں کے عوام کا کوئی عمل دخل نہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں کیا گلگت بلتستان بھی بدلے گا یا وہی ستر سالہ حقوق سے محروم وفاقی حکومت کی کاسہ لیس یونٹ ہی رہے گی۔


خبر کا کوڈ: 745481

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/745481/وزیراعظم-پاکستان-کی-حوصلہ-افزاء-تقریر-نے-گلگت-بلتستان-کے-عوام-کو-مایوس-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org