0
Monday 20 Aug 2018 15:03

عمران خان بلوچستان کیساتھ ماضی کی ناانصافیوں سے بخوبی آگاہ ہیں، سردار یار محمد رند

عمران خان بلوچستان کیساتھ ماضی کی ناانصافیوں سے بخوبی آگاہ ہیں، سردار یار محمد رند
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بلوچستان سے ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کا بخوبی علم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کہ نومنتخب وزیراعظم نے اپنی اولین ترجیحات میں بلوچستان کو ترقی کے قومی دھارے میں لانے کا پختہ اعادہ کیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی نئی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے اور گڈ گورننس کے قیام کے لئے پائیدار اور قابل عمل اقدامات کریں۔ پاکستان تحریک انصاف مفاد عامہ کے ہر اجتماعی عمل کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لئے اسمبلی میں بھیجا ہے، مسائل پیدا نہیں کرنا چاہتے، بلکہ مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نو منتخب وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان کی تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار یار محمد رند نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم اپنے اولین خطاب کے ایجنڈے میں بلوچستان کو شامل کرکے ملک کے سب سے بڑے صوبے کے ان دیرینہ زخموں پر مرہم رکھی ہے، جو ماضی کی منفی سیاسی حکمت عملی اور نظر انداز کرنے کی پالیسی کے باعث قائم ہوئے۔

بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ہم سب کا مشترکہ ویژن ہے۔ سی پیک پاکستان سمیت پورے خطے کی معاشی واقتصادی ترقی کا اہم زینہ ہے، جسے بہر صورت ہم نے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان سے وابستہ ہے اور بلوچستان کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کئے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ماضی کی حکومتوں کی موجودگی میں ہی پاکستان تحریک انصاف بلوچستان نے بغیر کسی مصلحت کے بروقت کرپشن کی نشاندہی کی اور تخت راونڈ کے آشیر باد سے اہم پوسٹوں پر متعین افسر شاہی کے کالے کرتوت آشکار کئے۔ میرٹ کے برعکس عمل کی مخالفت کی ہے اور آئندہ بھی اپنے اصولی موقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ بلوچستان کے عوام نے نئی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے جو توقعات وابستہ کر رکھی ہیں، ان پر پورا اترنے کے لئے پی ٹی آئی کے ہر کارکن کی جدوجہد جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 745569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش