0
Monday 20 Aug 2018 19:20

سردار عثمان بزدار نے پنجاب کی سرداری سنبھال لی

سردار عثمان بزدار نے پنجاب کی سرداری سنبھال لی
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے آج گورنر ہاؤس میں وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھایا، قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سردار عثمان احمد خان بزدار سے وزارت اعلیٰ کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور، ارکان اسمبلی، سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری، سابق نگران وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سرکاری افسران سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ قائم مقام گورنر چودھری پرویز الٰہی، سابق نگران وزیراعلی ڈاکٹر حسن عسکری اور دیگر مہمانوں نے سردار عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کا حلف لینے پر مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان احمد خان بزدار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزداروزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد گورنر ہاؤس سے وزیراعلیٰ آفس پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس کے افسروں اور عملے سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ نے افسروں اور عملے سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا۔ سردار عثمان احمد خان بزدار اسلام آباد سے آمد کے بعد ائیر پورٹ سے حلف اٹھانے کیلئے ذاتی کار پر گورنر ہاؤس پہنچے۔ وزیراعلیٰ نے گورنر ہاؤس جانے کیلئے سرکاری گاڑی استعمال نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ اپنے قائد وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سادگی اختیار کریں گے، قوم کا پیسہ قوم پر ہی خرچ ہوگا اور سرکاری وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری سے خرچ کریں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دوبارہ اپنی ذاتی کار میں بیٹھے اور گورنر ہاؤس سے وزیراعلی آفس روانہ ہوئے، اس طرح وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سادگی اور بچت کی نئی مثال قائم کر دی۔

دریں اثناء وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے سپاہی ہیں اور صوبے کو عمران خان کے ویژن کے مطابق چلائیں گے۔ عمران خان کے 100 دن کے ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی سب کو نظر آئے گی، کبھی کوئی غلط کام کیا نہ کسی کو کرنے دوں گا۔ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے، تمام فیصلے مشاورت اور اتفاق رائے سے کئے جائیں گے، صوبے میں غیر ضروری اخراجات کو کم کیا جائے گا، ہر سطح پر سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا، میں عوام میں سے ہوں اور مجھے ان کے دکھ درد اور مسائل کا پورا احساس ہے اور میرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 745631
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش