0
Monday 20 Aug 2018 23:39

سندھ کابینہ، رواں مالی سال کے 9 ماہ کیلئے بجٹ کی فوری تیاری کی منظوری

سندھ کابینہ، رواں مالی سال کے 9 ماہ کیلئے بجٹ کی فوری تیاری کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ سندھ کابینہ نے رواں مالی سال کے 9 ماہ کے اخراجات کیلئے صوبائی بجٹ کی فوری تیاری کی منظوری دیتے ہوئے تھرپارکر اور عمرکوٹ کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے اور گورنر ہاؤس سندھ کو میوزیم میں تبدیل کرنے، کراچی میں پانی کی قلت کے خاتمہ کیلئے ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب اور قبرستان کیلئے آراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی سندھ کابینہ کا پہلا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں صوبائی وزراء، مشیروں، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی پولیس اور متعلقہ محکموں کی سیکریٹریز نے شرکت کی۔ کراچی میں پینے کے پانی کے بحران کے خاتمہ کیلئے سندھ حکومت نے فوری طور پر کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگانے اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے کے منصوبے کی منظوری دی، جبکہ صحرائے تھر میں خشک سالی کی رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے سندھ کابینہ نے تھرپارکر اور خشک سالی سے متاثرہ اطراف کے علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی سفارش کی ہے۔ صوبائی کابینہ نے کراچی میں قبرستانوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے نئے قبرستان کیلئے آراضی متختص کرنے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ستمبر 2018ء تک لازمی اخراجات بنانے کیلئے تین مہینے کا بجٹ منظور کیا تھا، اب ہمیں 30 ستمبر سے پہلے نیا بجٹ بنانا ہوگا اور اسے سندھ اسمبلی میں پیش کرنا ہوگا. انہوں نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ صوبے کی مالی صورتحال بہت اچھی نہیں ہے، کیونکہ وفاقی حکومت سے ہمیں فنڈز موصول نہیں ہوئے ہیں، اس لئے فوری بجٹ تیار کیا جائے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ارکان نے گورنر ہاؤس کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ وفاقی حکومت نے گورنر ہاؤس کو خالی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، لہٰذا گورنر ہاؤس کے بارے میں ضروری قدم اٹھایا جائے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے گورنر ہاؤس کی ملکیت سے متعلق سینئر ممبر بورڈ آف رونیو اقبال درانی سے بریفنگ لی، وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ گورنر ہاؤس سندھ حکومت کی ملکیت ہے، جس پر کابینہ نے گورنر ہاؤس کو میوزیم میں تبدیل کرنے کی تجویز دی، جو مشروط طور پر منظور کرلی گئی کہ اگر نئے گورنر نے اسے خالی کرنے کا انتخاب کیا، تو اسے میوزیم بنایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 745663
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش