QR CodeQR Code

طالبان امریکی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، ثروت اعجاز قادری

26 May 2011 00:00

اسلام ٹائمز:سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ سنی تحریک نے ہمیشہ دہشتگردی کی مخالفت کی اور ان مکروہ چہروں کو بے نقاب کیا جو ملک اور اسلام کے دشمن ہیں۔ حالات کی سنگینی اس امر کی متقاضی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف لفظی جمع خرچ کی بجائے کھلی جنگ کا اعلان کیا


کراچی:اسلام ٹائمز۔ سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اہلسنت کو دیوار سے لگانے کیلئے جال بچھا دیا گیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں انتہا پسند سوچ کو پروان چڑھا کر مذہبی بنیاد پر تقسیم در تقسیم کا عمل ہے۔ طالبان دہشتگردی کی کاروائیاں کر کے امریکی مفادات کی راہ ہموار کر رہے ہیں، علماء و مشائخ عظام اہلسنت کے خلاف ہونے والی سازشوں سے عوام کو خواب غفلت سے بیدار کریں کہ نظریہ پاکستان کے ماننے والوں کو سازش کے تحت پیچھے دھکیل کر کالعدم تنظیموں کو پروموٹ کر کے ابھارا جا رہا ہے جو کہ ملکی سلامتی و خودمختاری کے خلاف پہلے ہی خطرہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدین میں جانثاران مصطفٰی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سنی تحریک نے ہمیشہ دہشتگردی کی مخالفت کی اور ان مکروہ چہروں کو بے نقاب کیا جو ملک اور اسلام کے دشمن ہیں۔ حالات کی سنگینی اس امر کی متقاضی ہے کہ دہشتگردی کے خلاف لفظی جمع خرچ کی بجائے کھلی جنگ کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سازش کے تحت پاک فوج کا مورال خراب کیا جا رہا ہے، جو کسی بھی طور ملک کے مفاد میں نہیں، سنی تحریک دہشتگردی کے خلاف ہراول دستے کا کردار ادا کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرے گی۔ اس موقع پر سنی تحریک سندھ کے کنوینر نور احمد قاسمی، علامہ گل محمد لاشاری و دیگر نے بھی خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 74570

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/74570/طالبان-امریکی-مفادات-کا-تحفظ-کر-رہے-ہیں-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org