0
Tuesday 21 Aug 2018 12:33

خیبر پختونخوا، انٹری ٹیسٹ کا امتحانی پرچہ لیک ہونیکی تحقیقات آئی بی کے سپرد

خیبر پختونخوا، انٹری ٹیسٹ کا امتحانی پرچہ لیک ہونیکی تحقیقات آئی بی کے سپرد
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کو صوبے کے سرکاری اور پرائیویٹ ڈینٹل اور میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کا امتحانی پرچہ مبینہ طور پر لیک ہونے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت کر دی اور ٹیسٹ رزلٹ کا اجراء بھی روک دیا۔ واضح رہے کہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے اس ٹیسٹ کا انعقاد اتوار کو ایجوکیشنل ٹیسٹنگ اینڈ ایویلوایشن ایجنسی (ای ٹی ای اے) نے کیا تھا۔ خیال رہے کہ ٹیسٹ والے روز وائرل ہوئی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک شخص جس کا چہرہ واضح نہیں، ایک امتحانی پرچہ دکھاتے ہوئے بتا رہا تھا کہ یہ ٹیسٹ سے ایک روز پہلے ہی لیک ہوگیا تھا، جس کے بعد خیبر پختونخوا کے اعلٰی تعلیمی بورڈ نے ایک اعلٰی سطحی اجلاس میں مبینہ طور پر پیپر لیک ہونے کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے فوری بعد اعلٰی تعلیمی بورڈ کی جانب سے وزیراعلٰی کو سمری ارسال کر دی گئی، جس میں بورڈ نے پیپر لیک ہونے کی تحقیقات تین روز میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے کروانے کی تجویز دی تھی۔

تاہم جب مذکورہ سمری وزیراعلٰی کو موصول ہوئی تو چیف سیکرٹری کامران نوید بلوچ نے تحقیقات ایف آئی اے کی جگہ آئی بی سے کروانے کی تجویز دی، جس کو وزیراعلٰی نے منظور کرلیا۔ اس حوالے سے یہ بھی کہا گیا کہ ٹیسٹ کا انعقاد دوپہر 12 ہوا تھا، جبکہ ویڈیو 3 بجے کے قریب وائرل ہوئی۔ اس ضمن میں ای ٹی ای اے کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ کوہاٹ اور مالاکنڈ میں انویجلیٹرز نے دو طالبعلموں سے موبائل فون برآمد کئے جس میں انہوں نے ساڑھے 11 بجے امتحانی پرچہ کی تصویر کھینچی تھی اور اسے واٹس ایپ کے ذریعے دیگر لوگوں کو ارسال کیا تھا۔ دونوں طالبعلموں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ امیدواروں کو معروضی سوالات کے جوابات امتحان گاہ سے باہر سے فون کے ذریعے بتانا ممکن نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سخت چیکنگ کے باوجود طالبعلموں کے کمرہ امتحان میں موبائل فون کے ہمراہ داخل ہونے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے کام پرائیویٹ کوچنگ کرتے جو طالبعلموں کو اس کی تربیت دیتے ہیں اور وقت سے پہلے امتحانی پرچہ حاصل کر کے فخر سے سب کو بتاتے ہیں، جبکہ ویڈیو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ای ٹی ای اے کے ماہرین کے جائزے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویڈیو کی تاریخ میں ردوبدل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق انٹری ٹیسٹ کے نتائج میں صرف 2 امیدوار کل 800 نمبروں میں سے 700 لینے میں کامیاب ہوئے، اگر امتحانی پرچہ لیک ہوتا تو مزید امیدواروں کے نمبر اتنے زیادہ ہوتے جیسا کہ 2015ء میں ہوا تھا اور قبل از وقت امتحانی پرچہ لیک ہونے سے 1700 سے زائد امیدواروں نے 700 یا اس سے زیادہ نمبر لئے تھے۔ خیال رہے کہ انٹری ٹیسٹ میں 23 ہزار 460 طلبہ جبکہ 14 ہزار 602 طالبات نے شرکت کی اور اس ٹیسٹ کا انعقاد 7 مختلف مقامات پر کیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 745720
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش