QR CodeQR Code

وزیراعظم کی پالیسی، پنجاب کے بیوروکریٹس نے قبضے میں رکھی ناجائز گاڑیاں واپس دیدیں

21 Aug 2018 14:10

ذرائع کے مطابق جیسے ہی تحریک انصاف کی وفاق اور پنجاب میں حکومت قائم ہوئی اور سرکاری اخراجات میں سادگی اپنانے کا اعلان کیا گیا تو ناجائز قابض بیورکریٹس نے سرکاری گاڑیاں واپس کرنا شروع کر دیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی سخت پالیسی کے خوف اور انکی طرف سے سابق وزیراعظم کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کے اعلان کیساتھ ہی پنجاب کی ملکیت 26 گاڑیاں جو مختلف ریٹائرڈ اور صوبہ بدر حاضر سروس بیورکریٹس کے ناجائز قبضہ و استعمال میں تھیں ڈرائیورز سمیت واپس آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ گاڑیاں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسروں کے پاس گذشتہ 3 سے 5 سالوں سے تھیں، تاہم ملک میں سیاسی تبدیلی کیساتھ ہی واپس سروس اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے پول میں آگئی ہیں۔ پنجاب کے رہائشی ریٹائرڈ افسر جب اہم عہدوں پر تعینات تھے تو اپنی فیملیز کے استعمال کیلئے ناجائز طور پر استحقاق سے زائد سرکاری گاڑیاں رکھی ہوئی تھی۔ جب ان افسروں کا تبادلہ صوبہ سے وفاق میں ہوا تو انہوں نے سرکاری گاڑیاں معہ ڈرئیوارز واپس نہ کیں اور ساتھ ہی لے گئے۔ کسی چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی یہ گاڑیاں واپس لینے کی جرأت نہیں کی کیونکہ وہ بھی ایک سے زائد گاڑیوں پر ناجائز قابض تھے۔

ذرائع کے مطابق جیسے ہی تحریک انصاف کی وفاق اور پنجاب مین حکومت قائم ہوئی اور سرکاری اخراجات میں سادگی اپنانے کا اعلان کیا گیا تو ناجائز قابض بیورکریٹس نے سرکاری گاڑیاں واپس کرنا شروع کر دیں۔ جب وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں اپنے سیکرٹریٹ کی زائد گاڑیوں کی نیلامی کا اعلان کیا تو کسی بھی تادیبی کارروائی سے بچنے کیلئے ناجائز قابض افسروں نے گاڑیاں واپس کرنا شروع کر دیں۔


خبر کا کوڈ: 745733

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/745733/وزیراعظم-کی-پالیسی-پنجاب-کے-بیوروکریٹس-نے-قبضے-میں-رکھی-ناجائز-گاڑیاں-واپس-دیدیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org