QR CodeQR Code

عید الاضحٰی ایثار و قربانی، صبر و صداقت اور اتحاد و اتفاق کی عظیم درسگاہ ہے، مولانا سبط شبیر

21 Aug 2018 14:34

جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ نے امت اسلامیہ کو اسراف سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ بالخصوص یمن، فلسطین، افغانستان، نائجیریا، بحرین اور کشمیر کے عوام اس وقت شدید مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں، لہٰذا اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے عید الاضحی کے مقدس موقعہ پر تمام امت مسلمہ بالخصوص کشمیری عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے اپنے ایک پیغام میں امت اسلامیہ کو عید اسلامی قواعد و قوانین کے مطابق اور نہایت سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔ مولانا شبیر قمی نے امت اسلامیہ کو اسراف سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلامیہ بالخصوص یمن، فلسطین، افغانستان، نائجیریا، بحرین اور کشمیر کے عوام اس وقت شدید مصائب و مشکلات سے دوچار ہیں، لہٰذا اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عید سادگی سے منائیں۔ انہوں نے ملت اسلامیہ سے اپیل کی کہ وہ قربانی کا فلسفہ سمجھنے کی کوشش کریں اور اس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے کو سدھارنے اور سنوارنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مولانا سبط شبیر قمی نے نماز عید کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانان عالم کی کامیابی اور کامرانی کے لئے بالخصوص کشمیر کی آزادی کے لئے زیادہ سے زیادہ دعا کریں اور ساتھ ہی یہ عہد بھی کریں کہ وہ اسلام کی سرافرازی کے لئے ہمہ وقت اور ہمہ تن کوشان رہیں۔ مولانا شبیر نے فیشن کے نام پر معاشرے میں پھیلی سنگین برائیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی صحیح تربیت کے لئے اقدامات اٹھائیں اور ان برائیوں کا سدباب کرنے کے لئے کلیدی رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحٰی درسگاہ ایثار و قربانی، درسگاہ صبر و صداقت، درسگاہ تقوٰی و پرہیزگاری اور درسگاہ اتحاد و اتفاق ہے مسلمانان عالم اس روز اپنے اندر انقلاب لاکر حقیقی مسلمان بننے کی کوشش کریں۔ درایں اثنا پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی اور صدر مولانا شبیر احمد صوفی نے سینئر ویڈیو جرنلسٹ سید مرتضٰی رضوی کی دادی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 745735

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/745735/عید-الاضح-ی-ایثار-قربانی-صبر-صداقت-اور-اتحاد-اتفاق-کی-عظیم-درسگاہ-ہے-مولانا-سبط-شبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org