0
Thursday 26 May 2011 00:29

مہران حملہ،دو دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی

مہران حملہ،دو دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی
کراچی:اسلام ٹائمز۔ پی این ایس مہران پر بائیس مئی کو ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے دو افراد کی شناخت ازبک باشندوں کی حیثیت سے ہو گئی ہے۔ ان کا تعلق ازبکستان کی دہشت گرد تنظیم اسلامک جہاد یونین سے بتایا جاتا ہے۔ یہ گروپ ہوائی اڈوں پر حملوں میں مہارت رکھتا ہے اور افغانستان میں کئی حملوں میں ملوث رہا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ان افراد کی تصدیق اعلیٰ انٹیلی جنس عہدیدار نے کی ہے جنہیں ازبک اور چیچن دہشت گردوں پر مہارت حاصل ہے۔ عہدے دار نے کہا کہ اسلامک جہاد یونین کا تحریک طالبان اور القاعدہ سے قریبی تعلق ہے اور وہ حملوں کیلئے خودکش اور فدائین تیار کرتی ہے۔ اس میں شامل نوجوانوں کی بڑی تعداد سولہ سے پچیس سال کے درمیان ہوتی ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ جس گروپ نے حملے میں حصہ لیا اس کو ٹوٹی پھوٹی اردو آتی تھی۔ مہران بیس پر حملے کیلئے یہ گروپ دو ہفتے پہلے کراچی آیا تھا جہاں اس کو طالبان کے عثمان گروپ نے ٹھہرانے کا انتظام کیا جس کا کام علاقے کی ریکی تھا۔ ان دہشت گردوں کو اندر آنے کا راستہ اور کیمروں کی پوزیشن مہران بیس کے کچھ لوگوں نے بتائی۔ اس سلسلے میں گروپ نے کچھ روز قبل مہران بیس کا دورہ بھی کیا۔ آپریشن کے دن کا انتخاب جہاد یونین نے کیا اور مشن کا مقصد امریکی ساخت کے جہازوں کو تباہ کرنا تھا۔ حملے کے دوران اس گروپ کے کئی ساتھی کچھ دور سے کاروائی کا جائزہ لیتے رہے اور بعد میں حملہ آوروں کے ساتھ فرار ہو گئے۔ کہا جاتا ہے کہ فرار ہونے والے کورنگی اور ڈیفنس کی جانب گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چار میں سے دو کی شناخت کے بعد تحقیقاتی اداروں کو یقین ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ اس صورتحال کے بعد ملک میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گرفتار نیوی کے چار افسران سے تفتیش ہو رہی ہے، جن کا دہشت گردوں سے رابطے کے سلسلے میں کورٹ مارشل ہوا تھا۔


خبر کا کوڈ : 74575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش