0
Wednesday 22 Aug 2018 12:03

پاراچنار عید قربان، نماز عید مرکزی عیدگاہ میں ادا کر دی گئی

پاراچنار عید قربان، نماز عید مرکزی عیدگاہ میں ادا کر دی گئی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کیطرح ضلع کرم میں بھی آج عید الاضحٰی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ ضلع کرم میں نماز عید قربان مختلف امام بارگاہوں، مساجد اور عید گاہوں میں ادا کردی گئی جبکہ مرکزی سطح پر عید قربان کی نماز پاراچنار میں واقع مرکزی عید گاہ میں مرکزی جامع مسجد کے پیش امام الحاج علامہ فدا حسین مظاہری کی اقتداء میں ہزاروں مومنین نے ادا کردی۔ مرکزی عید گاہ میں نماز عید میں ضلع کرم کے مختلف دیہاتوں سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں مومنین نے شرکت کی۔ عید کے خطبے پیش امام الحاج فدا حسین مظاہری نے دیئے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید قربان کے موقع پر تمام حجاج کرام کا ایک لباس پہن کر رب العزت کی بارگاہ میں حاضری سے مراد تمام مسلم امہ کی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہے۔ اور حجاج کرام کا بیک آواز لبیک اللھم کہنے کا مقصد تمام عالم اسلام کیجانب سے ایک ہوکر اپنے رب کی بارگاہ میں ہمہ وقت تیار رہتے ہوئے اپنے زمانے کے اصلی دشمن امریکہ و اسرائیل سے برائت کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس عید قربان کا مقصد تمام عالم دنیا کو یہ ثابت کرنا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔

خطبوں کے آخر میں ملک خداداد پاکستان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں دیں۔ اس موقع پر پاک فوج اور مقامی رضاکاروں کی جانب سے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ عید گاہ کے قریب ہر قسم کی ٹریفک پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ عید گاہ کے قریب روڈ کے مختلف مقامات پر امام بارگاہوں، مساجد، ویلفئیر ٹرسٹ اور دیگر فلاحی اداروں کی مالی معاونت کیلئے چندہ جمع کرنے کیلئے سٹالز لگائے گئے تھے۔ نماز عید کے بعد لوگ سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے مختلف قسم کے جانوروں کی قربانی کررہے ہیں۔ نیز شیعہ علماء کونس کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کیطرف سے سمیر عباس اور علامہ سید عابد الحسینی کیجانب سے کنج علی زئی میں اجتماعی قربانی میں کئی جانور ذبح کئے گئے۔ 
خبر کا کوڈ : 745836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش