0
Wednesday 22 Aug 2018 17:17

پارٹی قیادت کی وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کو اس بار کافی حد تک فری ہینڈ کی یقین دہانی

پارٹی قیادت کی وزیراعلٰی سندھ مراد علی شاہ کو اس بار کافی حد تک فری ہینڈ کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ عام انتخابات کے بعد تبدیل شدہ سیاسی صورتحال میں وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس مرتبہ انہیں کافی حد تک انتظامی طور پر فیصلے کرنے کی آزادی ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر پیپلز پارٹی کی اعلٰی قیادت نے وزیراعلٰی سندھ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں فیصلہ سازی میں فری ہینڈ حاصل ہوگا، تاکہ گذشتہ دور کے مقابلے میں اس مرتبہ حکومت سندھ زیادہ بہتر طریقے سے کارکردگی دکھا سکے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلی مرتبہ عملی طور پارلیمانی سیاست کا آغاز کیا ہے۔ متوقع طور پر بلاول بھٹو زرداری کی زیادہ توجہ خاص طور پر سندھ پر مرکوز رہے گی اور اس وجہ سے اس مرتبہ وزیراعلٰی سندھ کو اپنے نوجوان سربراہ بلاول بھٹو زرداری کا زیادہ تعاون بھی حاصل رہے گا۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی اس مرتبہ وزیراعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ سے زیادہ توقعات رہیں گی، کیونکہ انہی توقعات کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے انہیں دوسری مرتبہ وزیراعلٰی سندھ منتخب کرایا ہے۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے گذشتہ عام انتخابات کے انعقاد سے قبل ہی سید مراد علی شاہ کی آئندہ وزیراعلٰی سندھ کے طور پر نامزدگی کر دی تھی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کی تشکیل کے سلسلے میں بھی وزیراعلٰی سندھ کو بلاول بھٹو زرداری کا تعاون حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ پہلے مرحلے میں کی گئی سندھ کابینہ کی تشکیل انتہائی محتاط انداز میں کی گئی ہے اور کابینہ کے ارکان کا انتخاب بہت سوچ سجھ کر کیا گیا۔ واضح رہے کہ ابتدائی طور پر 8 وزراء اور 2 مشیروں کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے، سندھ کابینہ کا دوسرا مرحلہ عید کے بعد طے کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ دوسرے مرحلے میں کچھ پرانے چہروں کو ان کی اہمیت کے پیش نظر دوبارہ کابینہ میں شامل کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 745856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش