0
Wednesday 22 Aug 2018 17:31

کراچی، عیدالاضحیٰ پر پیشہ ور قصائیوں نے جانور ذبح کرنے کی اجرت 3 ہزار بڑھا دی

کراچی، عیدالاضحیٰ پر پیشہ ور قصائیوں نے جانور ذبح کرنے کی اجرت 3 ہزار بڑھا دی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر پیشہ ور قصابوں نے جانور ذبح کرنے کی اجرت میں 2 سے 3 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ وی آئی پی جانوروں کی قربانی کیلئے منہ مانگی اجرت طلب کی جا رہی ہے، عید کے پہلے دن قربانی کیلئے قصابوں کی پیشگی بکنگ ہوگئی۔ مویشی منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس سال کراچی میں 18 لاکھ سے زائد جانور قربان کیے جائیں گے۔ شہر میں پیشہ ور قصابوں کی تعداد 15 ہزار کے لگ بھگ ہے قربانی کیلئے قصابوں کی ضرورت موسمی قصابوں کے ذریعے پوری کی جائے گی، جن میں زیادہ تر دیگر پیشوں سے وابستہ کاریگر اور مزدور شامل ہیں، کراچی میں 20 فیصد کے لگ بھگ شہری اپنے جانور خود ذبح کرتے ہیں، جن کی تعداد 3 لاکھ 60 ہزار کے لگ بھگ ہے، 80 فیصد قربانی کے جانور قصابوں سے ذبحہ کرائے جاتے ہیں۔ شہر میں دستیاب 15 ہزار پیشہ ور قصاب 3 دن میں 3 لاکھ کے لگ بھگ جانور ذبحہ کرتے ہیں، اس طرح 12 لاکھ جانور ذبح کرنے کیلئے موسمی قصابوں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں، موسمی قصاب پیشہ ور قصابوں جتنے ماہر نہیں ہوتے، لیکن سالہا سال سے جانور ذبح کرکے کچھ حد تک کام سیکھ جاتے ہیں۔ موسمی قصابوں میں دیگر شہروں سے محنت مزدوری کیلئے کراچی آنے والے محنت کش بھی شامل ہیں، جو عید کی تعطیلات کے دوران روزگار کمانے کیلئے جانور ذبح کرتے ہیں، قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کیلئے ماہر اور پیشہ ور قصاب کی تلاش مشکل ہوگئی۔ پیشہ ور قصابوں نے اجرت کا طریقہ تبدیل کر دیا ہے، اب جانور کی جسامت اور اس کی قیمت کے لحاظ سے اجرت طلب کی جاتی ہے، اوسط قیمت کے جانور ذبح کرنے کی اجرت پہلے روز 8 سے 10 ہزار روپے طلب کی جا رہی ہے۔ ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک کے جانور کو ذبح کرنے کی اجرت 12 سے 15 ہزار روپے طلب کی جا رہی ہے، جبکہ وی آئی پی جانوروں کو ذبح کرنے کی اجرت 20 ہزار روپے اور اس سے زائد طلب کی جا رہی ہے، پیشہ ور اور موسمی قصابوں کی بڑی تعداد بکرے ذبح کرنے کو ترجیح دیتی ہے، پہلے روز بکرے ذبح کرنے کی اجرت 3 ہزار روپے طلب کی جا رہی ہے۔ گلی محلے کے قصاب گھروں پر جاکر بکرے ذبح کرنے کے بجائے اپنی دکانوں پر ہی بکرے ذبح کرتے ہیں، جو پہلے روز 2500 سے  3000 روپے اور دوسرے دن کیلئے 2 ہزار روپے تک اجرت وصول کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 745858
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش