0
Wednesday 22 Aug 2018 22:17

وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ بلدیاتی نظام کی اشد ضرورت ہے، میئر کراچی

وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ بلدیاتی نظام کی اشد ضرورت ہے، میئر کراچی
اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان کردہ بلدیاتی نظام کی اشد ضرورت ہے، موجودہ بلدیاتی نظام کسٹم پیڈ ہے، صوبائی اسمبلی میں عددی برتری کی بنیاد پر جو بلدیاتی نظام نافذ ہے وہ لاتعداد خامیوں سے پر ہے، بلدیہ مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا، معیشت اور جمہوریت مضبوط ہوگی، براہ راست میئر کے انتخاب پر مشاورت کریں گے اور جو بھی بہتر صورتحال ہوگی اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، کراچی میں میئر کراچی ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کریں گے، کھیلوں کے میدانوں کو فعال کر رہے ہیں اور قومی کھیل ہاکی کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑیں گے۔ یہ بات انہوں نے ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 17 ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر تقسیم انعامات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ آج جو کھیل دیکھنے کو ملا ہے اس سے اندازہ ہوتاہے کہ کھلاڑیوں میں ذوق و شوق موجود ہے انہیں سرپرستی کی ضرورت ہے، اس کھیل میں آنے والے نوجوان محنت کریں اور ہاکی کا کھویا ہوا مقام اپنے ملک کو واپس دلائیں، ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور ایک وقت میں دنیا کے سارے اعزازات اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے پاس تھی، ہاکی کو حکومتی سرپرستی اس طرح نہیں ملی جس طرح قومی کھیلوں کو دی جاتی ہے، جس کے باعث آہستہ آہستہ ہم نے سارے اعزازات کھو دیئے، کے ایم سی اس کھیل کو آگے بڑھانے میں آپ کے ساتھ ہے اور جس طرح بھی ممکن ہوا ہر طرح کا تعاون کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے اپنی پہلی تقریر میں کراچی کا ذکر کیا اور سمندر سے کچرے کے ڈھیر تک کی بات کی، یہ کراچی کے شہریوں کے لئے خوش آئند ہے، ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے اور ہم ذمہ داری کے ساتھ کراچی کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اگر ہم سے تعاون کرے گی تو کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے ہم ان کا بھی ساتھ دیں گے لیکن ماضی کی پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے لوگوں کی خدمت کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، ورلڈ بینک کی رپورٹ دیکھ لیں یا سپریم کورٹ کے احکامات دیکھ لیں، صوبائی حکومت نے بیڈ گورننس کے تمغے حاصل کئے ہیں۔ اس موقع پر میئر کراچی نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ہاکی ٹیم کے کپتان کو ونر ٹرافی اور کیش پرائز دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 745868
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش