0
Wednesday 22 Aug 2018 22:59

شیخ رشید کی بزرگ خاتون سے مبینہ بدسلوکی، کیمرہ مین کا فون توڑ دیا

شیخ رشید کی بزرگ خاتون سے مبینہ بدسلوکی، کیمرہ مین کا فون توڑ دیا
اسلام ٹائمز۔ نومنتخب وفاقی وزیرِ ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ پر ملنے آنے والی بزرگ خاتون سے مبینہ طور پر بدسلوکی کی، ویڈیو بنانے والے رپورٹر کا موبائل فون توڑ دیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک غریب بزرگ خاتون وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد سے ملنے کے لئے ان کی رہائش گاہ لال حویلی پہنچی تو گارڈز نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔ گارڈز کی جانب سے روکے جانے پر خاتون نے شور مچایا اور رونا بھی شروع کردیا، تاہم اسی دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اپنے گھر سے باہر آگئے اور خاتون کو دھکا دے دیا۔ ان کی رہائش گاہ سے کچھ دور کھڑے نجی ٹی وی چینل 24 نیوز کے کیمرہ مین وہاں موجود تھے جنہوں نے یہ افسوس ناک منظر اپنے موبائل فون کے کیمرے میں محفوظ کر لیا۔

وفاقی وزیرِ ریلوے کی نظر جیسے ہی اس موبائل فون اور کیمرہ مین پر پڑی تو انہوں نے پہلے اسے اپنے پاس بلایا اور پھر لال حویلی کے باہر حفاطتی اقدامات کے حوالے سے لگائے گئے کنکریٹ کے بلاک پر مار دیا جس سے موبائل فون ٹوٹ گیا۔ واضع رہے یہ واقعہ آج دن 2 بجے پیش آیا جب کیمرہ مین عاقب اپنے رپورٹر سردار صداقت کے ہمراہ عید الاضحٰی کے سلسلے میں شیخ رشید کے پاس پروگرام ریکارڈنگ کرنے آئے تھے۔ اس حوالے سے بزرگ خاتون یا پھر کیمرہ مین کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی۔ ادھر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔
خبر کا کوڈ : 745875
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش