0
Thursday 23 Aug 2018 19:30

سابق حکومتوں کے دعوے جھوٹ نکلے، ملک میں ایک کروڑ 20 لاکھ افراد ذاتی گھر سے محروم

سابق حکومتوں کے دعوے جھوٹ نکلے، ملک میں ایک کروڑ 20 لاکھ افراد ذاتی گھر سے محروم
اسلام ٹائمز۔ ملک میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہاؤسنگ یونٹس کی قلت کا سامنا ہے جب کہ حکومتوں کی جانب سے لوگوں کو چھت کی فراہمی کے لئے کم قیمت مکانوں کی فراہمی کے تمام تر دعوؤں کے باوجود کروڑوں لوگ بے گھر ہیں جس کی بنیادی وجہ رہائشی مکانات اورپلاٹوں کی قیمتوں کا عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہونا ہے۔ سابق وفاقی حکومت کی جانب سے ملک میں گھروں کی قلت کو پورا کرنے کے لئے اپنا گھر اسکیم کے تحت 5 لاکھ ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے لئے سابق وفاقی حکومت کی جانب سے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس میں اپنا گھر لمیٹڈ نامی کمپنی بھی قائم کی گئی تھی۔ سابق حکومت کی جانب سے اپنا گھر اسکیم منصوبے کے تحت ملک بھر میں کم آمدن افراد کے لئے 3 ہزار 971 کنال اراضی کی نشاندہی کی گئی تھی جبکہ سی پیک کے پیش نظر وفاقی حکومت کی جانب سے گوادر میں بھی کم آمدن افراد کے لئے اپنا گھر اسکیم کے تحت رہائش گاہوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے اس اسکیم پر ورکنگ مکمل کرنے کے باوجود گزشتہ پانچ سال کے دوران اس اہم منصوبے پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جا سکا، جس کے باعث مسلم لیگ ن کی جانب سے کم آمدن افراد کو پانچ لاکھ ہاؤسنگ یونٹس کی فراہمی کا وعدہ ادھورا رہ گیا۔
 
بہرحال وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی ملک میں ہاؤسنگ یونٹس کی قلت کو پورا کرنے کے لئے 50 لاکھ گھروں کی فراہمی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس سے ملک میں گھروں کی قلت پوری ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، لیکن سابق وفاقی حکومت کی جانب سے پانچ لاکھ گھروں کی تعمیر کے وعدے کے باوجود پورے دور حکومت میں ایک بھی شہری کے لئے سستا گھر فراہم نہیں کیا جا سکا، جس سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نئی حکومت کے لئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک چیلنج بن سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت ملک میں ایک کروڑ 20 لاکھ تک ہاؤسنگ یونٹس کی قلت کا سامنا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اگر حکومت کی جانب سے اس پر قابو نہیں پایا گیا تو ہاؤسنگ یونٹس میں قلت 2025ء تک 2 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 745949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش