0
Saturday 25 Aug 2018 21:30

پاراچنار، عوام کے اعتماد سے تیسری بار ایم این اے منتخب ہوا، عوامی مسائل حل کرینگے، ایم این اے ساجد طوری

پاراچنار، عوام کے اعتماد سے تیسری بار ایم این اے منتخب ہوا، عوامی مسائل حل کرینگے، ایم این اے ساجد طوری
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار سے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری نے کہا ہے کہ قبائلی ضلعوں میں فورسز کی قربانیوں اور عوام کی تعاون سے امن قائم ہوگیا ہے اور اب قبائلی ضلعوں کی خیبرپختونخوا میں انضمام کے باعث علاقے کی ترقی کے لئے راہ ہموار ہو گئی ہے۔ پاراچنار میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی ایم این اے ساجد طوری نے کہا کہ وہ علاقے سے تیسری بار ایم این اے منتخب ہوئے ہیں، جو عوام کی جانب سے ان پر بھرپور اعتماد کیوجہ سے ہے، ہم اپنے وسیع تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کریں گے۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ تعلیمی حالت کی بہتری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے، سٹاف کی کمی اور سکولوں کی کمی دور کرکے ہی تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لئے راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ پاراچنار سٹی میں بھی سکولوں میں سٹاف اور فرنیچر کی کمی کے سلسلے میں محکمہ تعلیم اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، کچہری اور بلدیہ پاراچنار میں عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچہری سمیت کسی بھی محکمے میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ چیک پوسٹوں پر پولیٹیکل محرران کے سٹاف کم کئے جائیں اور سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ قبائلی علاقوں کے 12 ایم این ایز فاٹا ریفارمز کو عملی جامہ پہنانے کے لئے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں اور قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے ملنے والے سو ارب روپے ترجیحی بنیادوں پر خرچ کئے جائیں گے اور ٹل سے پاراچنار کو گیس کی سپلائی کی جائے گی۔ ضلع کرم میں معدنیات کے حوالے سے ایم این اے ساجد طوری نے بتایا کہ قدرتی ذخائر سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں کے ایم این ایز کے صوابدیدی فنڈز ختم نہ کئے جائیں تاکہ قبائلی علاقوں کی پسماندگی ختم کی جا سکے۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے سروے کا کام بھی کیا جائے گا، بلدیاتی نظام کا ذکر کرتے ہوئے ساجد طوری نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات یونین کونسل اور دیگر اقدامات کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے اور قبائلی علاقوں میں دوبارہ مردم شماری کی جائے، پاراچنار میں بجلی کی بحران پر قابو پانے کے لیے گرڈ اسٹیشن میں ٹرانسفارمرز کی تنصیب جلد کی جائے گی۔ ساجد طوری کا کہنا تھا کہ پاراچنار اور علیزئی کے ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانے اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 746184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش