QR CodeQR Code

ٹرمپ نے وزیر خارجہ کا طے شدہ دورہ شمالی کوریا منسوخ کر دیا

26 Aug 2018 09:35

سوشل میڈیا پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اُن کے نزدیک جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا طے شدہ دورہ شمالی کوریا منسوخ کر دیا۔ پومپیو نے ایک روز قبل ہی اعلان کیا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ دوسری جانب چينی وزارت خارجہ نے جزیرہ نما کوریا پر قیام امن کے حوالے سے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ہفتے کو اسے ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا اور کہا ہے کہ بیجنگ حکومت کو اس بیان پر گہری تشویش ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ملکی وزیر خارجہ کو شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ اُن کے نزدیک جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پومپیو غالباً چین کے ساتھ امریکی تجارتی تنازعہ کے حل کے بعد شمالی کوریا جائیں گے۔ صدر ٹرمپ کی جانب سے دورے کی منسوخی کا بیان سیکریٹری پومپیو کے اس اعلان کے محض ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ مذاکرات میں جاری ڈیڈلاک کے خاتمے کے لیے جلد شمالی کوریا کا دورہ کریں گے، امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ کے دورے میں ان کے ہمراہ امریکہ کےنئے ایلچی برائے شمالی کوریا اسٹیفن بائی گن بھی ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ اہلکار نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعے کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران سیکریٹری پومپیو کو شمالی کوریا کا دورہ منسوخ کرنے کی ہدایت کی۔ جمعے کو اپنے ایک اور ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ چین کی حکومت بھی شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی جس کی وجہ ان کے بقول چین کے ساتھ تجارتی تنازعات پر امریکہ کا سخت موقف ہے لیکن ساتھ ہی اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 746232

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/746232/ٹرمپ-نے-وزیر-خارجہ-کا-طے-شدہ-دورہ-شمالی-کوریا-منسوخ-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org