0
Sunday 26 Aug 2018 12:14

بلوچستان پولیس کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، جام کمال

بلوچستان پولیس کی استعداد کار کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے، جام کمال
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی جنگ اور جرائم کے خاتمے میں بلوچستان پولیس فعال اور متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔ پولیس کی قربانیوں سے صوبے میں امن قائم ہوا۔ پولیس فورس کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لئے وسائل فراہم کئے جائیں گے اور پولیس اہلکاروں اور افسران کی اپ گریڈیشن کی فوری منظوری دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان پولیس سے متعلق امور، کارکردگی اور فورس کو درپیش مسائل و ضروریات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ پانچ گھنٹے سے زیادہ طویل اجلاس میں آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور ڈی آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ نے وزیراعلٰی کو بلوچستان پولیس سے متعلق امور، امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی اور عمومی جرائم کے خاتمے کے لئے جاری اقدامات، پولیس فورس کی ویلفیئر اور ضروریات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کی کاروائیوں کے باوجود پولیس فورس کا عزم اور حوصلہ قابل مضبوط ہے۔ وسائل اور ٹیکنالوجی کی کمی کے باوجود پولیس کی کارکردگی قابل تعریف ہے اور عوام کا پولیس فورس پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں، ان عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں بھی جدید ٹیکنالوجی کی جانب جانا ہوگا۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے، احتساب کے عمل، استعداد کار اور مہارت میں اضافے اور عوام دوست رویہ کے فروغ کے ذریعہ پولیس فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ بلوچستان پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان سے خصوصی گرانٹ کی فراہمی کی درخواست کی جائے گی۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے پولیس کی بہتری کے پانچ سالہ منصوبہ کی تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں شامل تمام امور پر عملدرآمد کے لئے صوبائی حکومت بھرپور معاونت کرے گی۔ تھانوں کو کمپیوٹرائزڈ کرنے، انہیں جدید سہولیات فراہم کرنے اور پولیس اہلکاروں کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لئے فنڈز دیئے جائیں گے۔ پولیس شہداء کے خاندانوں کی معاونت جاری رکھی جائے گی اور اچھی کارکردگی کے حامل اہلکاروں اور افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے آئی جی پولیس کی جانب سے تھانوں کی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کے قیام کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبائی کابینہ سے اس تجویز کی منظوری حاصل کرکے اس کا نفاذ کیا جائے گا، جس سے لوگوں کے مابین تنازعات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے افہام و تفہیم سے حل کرنے میں مدد ملے گی اور پولیس پر دباؤ کم ہوگا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے پولیس میں جاری بھرتی کے عمل کو جاری رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بھرتیاں خالصتاً اہلیت کی بنیاد پر کی جائیں۔ میرٹ پر بھرتیاں نہ ہونے کے باعث ادارے تباہ ہو جاتے ہیں۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے قیام کے منصوبے میں تعطل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرکے بیورو قائم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے کے لئے خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کرکے اس پر عملدرآمد کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ آئی جی پولیس نے پولیس اہلکاروں کے تربیتی پروگرام، کوئٹہ اور گوادر سیف سٹی پروجیکٹس پر عملدرآمد کی پیشرفت، سی پیک روٹ اور چینی انجینئروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ زائرین کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 746258
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش